اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس یکم جون کو طلب کر لیا۔ صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو نے آئین کے آرٹیکل 54 کے تحت نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ایوان صدر کو سمری بھجوائی تھی۔
جس پر صدر آصف علی زرداری نے رسمی دستخط کرتے ہوئے یکم جون کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گی۔
2 جون کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ 3 جون کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ 4 جون کو وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جبکہ وزیراعظم کا انتخاب 5 جون کو ہو گا۔