اسلام آباد (جیوڈیسک) نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں پچہتر پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی،اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا جس کا اطلاق سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر ہو گا۔ نیپرا میں بجلی کے نرخوں سے متعلق ہونے والی سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے موقف اختیار کیا۔
اپریل کے مہینے میں فرنس آئل پر زیادہ تر بجلی پیدا کی گئی جس پر چار ارب ستر کروڑ روپے اضافی لاگت آئی۔ فرنس آئل پر سولہ روپے اڑتالیس پیسے اور ڈیزل پر اکیس روپے اڑتالیس پیسے فی یونٹ لاگت آئی ، اٹھارہ پیسے فی یونٹ بجلی چوری اور لائن لاسس کی نظر ہوئی۔بجلی کی فی یونٹ اوسط لاگت آٹھ روپے اکاون پیسے فی یونٹ رہی۔
جس کے باعث ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں پچہتر پیسے فی یونٹ اضافہ ناگزیر ہے۔ٹیرف میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کی جانب سے ہونے والے نوٹیفکیشن کے بعد ہو گا۔ اطلاق کے بعدسو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بلوں پر پچہتر روپے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔