لاہور (جیوڈیسک) بلوچستان میں وزارت اعلی اور دیگر اہم عہدوں کے حتمی اعلان کیلئے مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس آج رائے ونڈ میں طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی صدر نواب ثنا اللہ زہری کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی آج رائے ونڈ پہنچے گی جہاں بلوچستان کے وزیر اعلی کے نام کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارت اعلی کیلئے نواب ثنا اللہ زہری، نوابزادہ چنگیزمری اور سردار صالح بھوتانی کے ناموں پر غور کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ ن سب سے زیادہ نشستوں کے ساتھ پہلے، پشتون خواہ میپ دوسرے اور نیشنل پارٹی تیسرے نمبر پر ہیں۔