کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ ملک میں حالیہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں اور بلوچستان میں ٹرن آوٹ بھی گزشتہ الیکشن سے زیادہ رہا۔
کوئٹہ کے ایک روزہ دورے پر پہنچنے کے بعد ائیر پورٹ پر ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ ملک کے بعض حلقوں میں شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے ازالے کے لیے فوری طور پر جوڈیشل ٹربیونل بنا کر ان کی تعداد دگنی کر دی گئی ہے۔
انہیں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 120 دنوں کے اندر تمام مقدمات نمٹائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ملک کے 90 فیصد حلقوں میں الیکشن شفاف ہوئے ہیں بعض حلقوں میں انسانی فطرت کے کمزرو پہلو حاوی ہوئے جس کے باعث الیکشن کی شفافیت کو نقصان پہنچا۔
قائم مقام چیف الیکشن کمیشنر کوئٹہ میں اپنے ایک روزہ قیام کے دوران صوبائی الیکشن کمیشن کے عملے اور ٹربیونل کے ججز سمیت بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز سے بھی ملاقات کریں گے اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔