جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈز کی ملاقات ، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں غیرملکی قوتوں کی خطے میں موجودگی میں قیام امن ممکن نہیں۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر پیٹر ہیورڈ نے اسلام آباد میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر کو علاقائی صورتحال کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی قوتوں کی موجودگی میں علاقے میں قیام امن ممکن نہیں اور طالبان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے معاملات حل کیے جاسکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے ساتھ بات چیت میں مثبت پیش رفت جاری ہے اور شہباز شریف نے انہیں وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے وزارتوں اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں جس جماعت کو جتنی نشستیں ملنی تھیں مل گئیں اور خیبر پختون خوا میں جے یو آئی نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات منصفانہ نہیں ہوئے اور الیکشن کمیشن کو اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔