برطانیہ (جیوڈیسک) برطانیہ کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد سرور کوبرطانیہ کے لئے پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔مسلم لیگ نواز کی قیادت کی محمد سرور سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستانی ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی گئی۔ پاکستانی نژاد محمد سرور گلاسکو سے برطانوی پارلیمنٹ کے پہلے مسلمان رکن تھے اور وہ تین بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہو چکے ہیں۔
برطانیہ کے گزشتہ انتخابات میں محمد سرور نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اب اس سیٹ پر محمد سرور کے بیٹے انس سرور برطانوی پارلیمنٹ کا رکن ہیں۔ محمد سرور کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ 60 کی دہائی میں برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔
محمد سرور کا میاں نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتا ہے۔ موجودہ ہائی کمشنر واجدشمس الحسن کو نئی حکومت کے آتے ہی اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی طرف سے محمد سرور کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔