لاہور (جیوڈیسک) بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے میاں نواز شریف نے بلوچستان کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل لاہور میں طلب کر لیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بلوچستان کے نئے وزیراعلی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی بلوچستان کے حوالے سے پارٹی ابھی تک اندرونی اختلافات کا شکار ہے، پارٹی رہنما ثنا اللہ زہری اور چنگیز مری دونوں پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ ذرائع کے مطابق ایک موقع پر مسلم لیگ ن نے بلوچستان میں نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیر اعلی نامزد کرنے پر بھی اتفاق کر لیا تھا لیکن بلوچستان کے پارٹی رہنماوں نے اس پر بھی سخت تحفظات ظاہر کر دیئے۔