کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے برطانوی حکومت کو خط لکھ کر کہا ہے کہ الطاف حسین نے تین تلوار پر دھرنا دینے والوں کو دھمکی نہیں دی تھی اور یہ بات الطاف حسین کی جانب سے اپنے بیان کی وضاحت سے بھی واضح ہو چکی ہے۔
برطانوی حکومت کو خط میں فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں زہرہ شاہد کے قتل میں عمران خان کی جانب سے الطاف حسین کو مورد الزام ٹھہرانا بے بنیاد ہے۔ فاروق ستارکے مطابق الطاف حسین نے کہا تھا کہ وہ لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے ورنہ تو وہ اپنے ساتھیوں کو کہیں تو تین تلوار پہنچ کر تلواروں کو اصل شکل دیدیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ بیان ہی سے واضح ہے کہ الطاف حسین لڑائی نہیں چاہتے اور اس بیان کامطلب لڑائی لڑنا اس وقت ہوتا جب الطاف حسین اپنے بیان کی خود ہی وضاحت نہ کرتے۔ ایم کیو ایم نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ اور اہم محکموں کو الطاف حسین کے بیان کے اقتباسات پر مشتمل سی ڈی بھی بھجوا دی ہے۔