گجرات کی خبریں 29.05.2013

صدر شیعہ علماء کونسل سید الطاف عباس کاظمی کی رہائشگاہ پر حضرت امام جعفر صادق کے ختم کے سلسلہ میں محفل منعقد ہوئی
گجرات(جی پی آئی)صدر شیعہ علماء کونسل سید الطاف عباس کاظمی کی رہائشگاہ پر حضرت امام جعفر صادق کے ختم کے سلسلہ میں محفل منعقد ہوئی ، اور اس موقع پر معززین علاقہ نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ، جنہیں تبرک کھلایا گیا ، اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت رانا مشرف علی ناز نے ولادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے حوالہ سے خصوصی بیان کیا ، اور حضرت امام جعفر صادق کے فضائل بیان کیے گئے ، سید آصف رضا نقوی ، طارق سلامت صراف ، وقار الحسن ہیرا و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ، اس محفل کا انعقاد سید اکبر علی شاہ اور الطاف عباس کاظمی نے کیا ، ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر سید طاہر عباس کی خوشدامن ، سیدذوالفقار کی والدہ محترمہ گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال فرما گئیں
گجرات(جی پی آئی)ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر سید طاہر عباس کی خوشدامن ، سیدذوالفقار کی والدہ محترمہ گزشتہ روز رضائے الٰہی سے انتقال فرما گئیں ، مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں قبرستان چاہ ترہنگ میں سپرد خاک کر دیا گیا ، مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا بروز جمعتہ المبارک صبح دس بجے امام بارگاہ کالوپورہ میں ادا کی جائے گی اور گیارہ بجے دعا ہو گی ،تمام دوست احباب سے شرکت کی اپیل کی جاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت طارق سلامت صراف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کیلئے کام کرے گی
گجرات(جی پی آئی)ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت طارق سلامت صراف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کیلئے کام کرے گی ، اور نوازشریف کی سربراہی میں پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی جائے گی اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی عوام کو ریلیف فراہم کر سکتے ہیں ، ان کی ٹیم عوام کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے اور وہ عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے ، حکومت سنبھالتے ہی خدمت وطن کا کام شروع ہو جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایل پی جی اور سی این جی سلنڈرز کی عدم فراہمی کے خلاف چنگ چی اور آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے احتجاجی ریلی نکالی
گجرات(جی پی آئی)ایل پی جی اور سی این جی سلنڈرز کی عدم فراہمی کے خلاف چنگ چی اور آٹو رکشہ کے سینکڑوں ڈرائیوروں نے جی ٹی ایس چوک سے چوک پاکستان تک احتجاجی ریلی نکالی ،ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ ایل پی جی اور سی این جی کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ بے روزگار ہو گئے اور ان کے بچے فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں، کیونکہ سانحہ منگووال کی وجہ سے حکومت پنجاب کی ہدایت پر جاری آپریشن کی وجہ سے ایل پی جی اور سی این جی ریفل کرنے والے افراد نے کاروبار بند کر دیا ہے تاکہ ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کی جا سکے، جس سے چنگ چی اور آٹو رکشہ والوں کا کاروبار بند ہو کر رہ گیا ہے اور وہ بلیک میں مہنگے داموں سیل بند ایل پی جی اور سی این جی خریدنے پر مجبور ہیںجس کی وجہ سے نہ صرف ڈرائیور حضرات بے روزگار ہو رہے ہیں بلکہ ان کے خاندان بھی فاقہ کشی پر مجبور ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ ایل پی جی اور سی این جی کو ریفل کرنے والے افراد کو سہولت دی جائے تاکہ وہ بے روزگار ہونے سے بچ سکیں اور عوام بھی اضافی کرایہ دینے سے محفوظ رہ سکیں،احتجاج تقریباً آدھ گھنٹہ تک جاری رہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ منگووال میں شہید ہونے والے طلباء وطالبات اور سکول ٹیچر کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں:سائرہ امتیاز سید
گجرات(جی پی آئی)سانحہ منگووال میں شہید ہونے والے طلباء وطالبات اور سکول ٹیچر کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ان خیالات کا اظہار ممتاز سیاسی اورسماجی شخصیات سائرہ امتیاز سید،قاریہ پروین بٹ، عذرہ امجد رضوی، پروین عزیز نے سانحہ منگووال میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد کیا، انہوں نے کہا کہ حادثات ہمیں بہت کچھ سکھاتے ہیں لیکن افسوس کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حادثات کے بعد صرف کارروائی کرنے کے لیے سرگرم ہو جاتے ہیں، جبکہ چند ہی دنوں بعد اس واقعہ کو حسب معمول دبا دیا جاتا ہے لیکن اس بار ایسا نہیں ہو گا ،سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کو بھی اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،معمول کے حادثات بھی سرکاری اداروں کے ملازمین اور افسران کے لیے لمحہ فکریہ ہیں،تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر عوام کی فلاح وبہبود کے لیے عملی طور پر اقدامات کرنے چاہئیں،ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور نگران وزیراعلیٰ کا بیان بھی انتہائی حوصلہ افزاء ہے کہ انہوں نے سکول ٹیچر کے نام سے ہائی سکول کا نام منسوب کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ منگووال کے بعد ضلع گجرات میں تمام ادارے حسب معمول کام کرنے لگے، عوام کو چلتے پھرتے بمبوں کے سپرد کر دیا گیا
گجرات(جی پی آئی)سانحہ منگووال کے بعد ضلع گجرات میں تمام ادارے حسب معمول کام کرنے لگے،اور عوام کو ایک بار پھر چلتے پھرتے بمبوں کے سپرد کر دیاگیا،تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس ،موٹروہیکل برانچ،موٹرایکسائزبرانچ،محکمہ لیبر اوردیگر اداروں کے تمام ذمہ داران نے سانحہ منگووال سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور حسب معمول اپنے فرائض سرانجام دینے شروع کر دیئے ہیں اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے والے اداروں نے ضلع گجرات میں چلنے پھرنے والی ٹرانسپورٹ کی چیکنگ اور جانچ پڑتال کا کام رستے میں ہی چھوڑ دیا ہے، سرکاری ملازمین ملی بھگت سے ٹرانسپورٹروں سے سرعام رشوت وصول کرتے نظرآرہے ہیں،جبکہ ٹرانسپورٹروں نے بھی از خود ہی کرایوں میں اضافہ کر لیا ہے،ٹرانسپورٹ کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور لائسنس وغیرہ چیک کرنا بھی چھوڑ دیئے گئے ہیں،دریں اثناء پٹرول پمپ مالکان نے بھی کھلا پٹرول فروخت کرنا بند کر دیا ہے جس سے جگہ جگہ پٹرول ایجنسیاں کھول کر بیٹھے ہوئے افراد من پسند منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں ،سانحہ کے بعد جن اداروں نے یہ ذمہ داری سنبھالی تھی کہ وہ عوام کو سہولیات فراہم کریں گے اور قوانین پر عملدرآمد کروائیں گے وہ غائب ہو گئے ہیں اور ان کی ہلکی پھلکی جانچ پڑتال سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور جن سرکاری اداروں کی غفلت کی وجہ سے سانحہ منگووال جیسے واقعات آئے روز رونما ہوتے ہیں ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کے لیے صرف حسب عادت معطل کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کسی قسم کے مقدما ت درج نہیں کیے گئے جس سے متاثرین کی حقیقی معنوں میں دادرسی کی جا سکتی تھی،عوامی حلقوں نے سرکاری افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حقیقی طور پر کام کریں نہ کہ عوام کو چلتے پھرتے بمبوں کے سپرد کر دیں اور جب کوئی سانحہ رونما ہو تو کارروائی ڈالنے کے لیے بھاگ دوڑ شروع کردیں اگر ایسے واقعات آئندہ رونما ہوئے تو عوام سرکاری افسران کے خلاف نہ صرف سراپا احتجاج ہوں گے بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائیں گے جن کو ان کے افسران نے سانحہ منگووال میں بچا لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق امیدوار حلقہ پی پی 112 شیخ عمر اعجاز نے سانحہ منگووال کی سخت الفاظ میں مذمت کی
گجرات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق امیدوار حلقہ پی پی 112 شیخ عمر اعجاز نے سانحہ منگووال کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ سانحہ سرکاری اداروں کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا ہے اور آئے روز ہونے والے بیشتر سانحات اور حادثات بھی سرکاری اداروں کی غفلت کی منہ بولتی تصویر ہیں،انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے طلباء اورطالبات اور سکول ٹیچر کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت کو چاہئے کہ سکول ڈرائیور ،سکول مالکان کے ساتھ ساتھ شعبہ ٹرانسپورٹ سے منسلک سرکاری اداروں کے ملازمین اور افسران کو بھی شامل تفتیش کیا جائے جن کی بدولت یہ واقعہ رونما ہوا،کیونکہ سرکاری ملازمین اورافسران ٹرانسپورٹروں سے بھتہ وصول کرتے ہیں اور عوام کو چلتے پھرتے بمبوں کے سپرد کر رکھا ہے، لہذا سرکاری ملازمین اورافسران بھی واقعہ میں برابر کے شریک ہیں،پنجاب حکومت قائم ہوتے ہی اعلیٰ قیادت سے بات کی جائے گی کہ سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کی دادرسی تب ہی ہو گی جب رشوت خور ملازمین کے خلاف بھی برابر کی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوںجس سے معصوم اور بے گناہ جانیں ضائع ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کا ایک تعزیتی اجلاس آج 30 مئی 2013 بروز جمعرات 5بجے سہ پہر ضلعی صدر چوہدری علی ابرار جوڑا کی رہائشگاہ علی پورہ روڈ گجرات میں منعقد ہو گا
گجرات (جی پی آئی)سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کا ایک تعزیتی اجلاس آج 30 مئی 2013 بروز جمعرات 5بجے سہ پہر ضلعی صدر چوہدری علی ابرار جوڑا کی رہائشگاہ علی پورہ روڈ گجرات میں منعقد ہو گا ، اجلاس میں سانحہ منگووال کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی جائے گی ، اجلاس میں سٹیزن فرنٹ کے عہدیداران و ممبران مجلس عاملہ شرکت کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
GRAPکے زیر اہتمام ڈی سی او کمپلیکس میں صنفی تشدد کے موضوع پر مشاورتی سیشن کا اہتمام کیا گیا
گجرات(جی پی آئی)GRAPکے زیر اہتمام ڈی سی او کمپلیکس میں صنفی تشدد کے موضوع پر مشاورتی سیشن کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز ،جینڈر سپیشلسٹ محمد ارشد بیگ ،ڈی او سوشل ویلفیئر،ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد لطیف،مسز نگہت اقبال قریشی اور مختلف محکموں اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت ۔سیشن میں صنفی تشدد کے موضوع پر جینڈر سپیشلسٹ محمد ارشد بیگ نے تفصیلی روشنی ڈالی اور ہراساں کرنے والوں خلاف قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ نگہت اقبال قریشی نے بھی صنفی تشدد کی قسمیں بیان کی ۔ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ چوہدری محمد نواز نے شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا اور جینڈر سپیشلسٹ محمد ارشد بیگ کی کارکردگی کو سراہا ۔ سیشن میں شرکا نے مختلف سوالات کئے جس کے تفصیلی جوابات دئیے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری عابد رضا اور چوہدری شبیر کوٹلہ کا حمزہ شہباز ‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے اعزاز میں ظہرانہ
گجرات (جی پی آئی)چوہدری عابد رضا اور چوہدری شبیر کوٹلہ کا حمزہ شہباز ‘ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے اعزاز میں ظہرانہ’نو منتخب ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ اورایم پی اے چوہدری شبیر احمد کوٹلہ و دیگر نے سربراہ مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز ‘ ایم این اے حمزہ شہباز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے اکبر ز کنارہ پہنچنے پر پُرجوش استقبال کیا ۔ اس موقع پر ضلع گجرات کی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کے حکومتی سیٹ اپ سمیت دیگر امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر)محمد الیاس ‘امجد فاروق ‘ اسلم خان ‘ چوہدری فراز ‘ چوہدری مظہر اقبال فتح پور ‘ خان اسلم خان سرائے عالمگیر،راجہ شفیق بھولا،عبدالقیوم بھٹی کھاریاں،چوہدری محسن لنگڑیال،راجہ سجاد حسین صدر یوتھ ونگ حلقہ پی پی 115،ملک عبدالغنی بھنڈ گراں،چوہدری سعید شام پور،چوہدری افضل بہورچھ سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاء اشرف پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں :رانا عشرت علی علوی
گجرات (جی پی آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممبر ایڈھاک کمیٹی سیالکوٹ ریجن رانا عشرت علی علوی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاء اشرف پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، PCBکرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ ممبر گورننگ بورڈ اور ممبران سابقہ ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم اور مسعود انور کا انتخاب کر کے چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ کو پاکستان میں بہتر سمت دے دی ہے ، کرکٹ کمیٹی کے تمام ممبران کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ، اور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں ، کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ کی سربراہی میں پاکستان میں کرکٹ گراس روٹ لیول پر ترقی کرے گی ، وہ بہترین منظم اور کرکٹ کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ، PCBکے چیئرمین کی جانب سے ریجنز میں ایڈھاک کمیٹیز کو مقرر کر کے الیکشن کے انعقاد کا شیڈول کروانا جرات مندانہ اقدام ہے ان ریجنز میں عرصہ دراز سے الیکشن کا عمل التوا کا شکار تھا ، ان ریجنز کے سابق عہدیداران اپنے اقتدارکو طول دینے کیلئے چیئرمین PCBپر بے جا تنقید کر رہے ہیں ، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ، اور درخواست کرتے ہیں کہ غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کرنے کی بجائے وہ الیکشن میں حصہ لے کر سسٹم کا حصہ بنیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک اور چراغ گل ہو گیا
گجرات (جی پی آئی)سانحہ منگوال کی ایک اور بیٹی موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعدجام شہادت نوش کر گئی۔نماز جنازہ کوٹ کگھہ میں ادا کی گئی۔جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر طارق سلیم ، ضلعی جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد خاور ، چوہدری انور واڑائچ ، چوہدری بہادر خاںنے شرکت کی۔ سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ جماعت اسلامی کے رہنماوں نے اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے ہر شخص نے اس سانحہ پر گہرے رنج وغم کے اظہار کے ساتھ ساتھ اسے اپنا ذاتی دکھ سمجھا ہے ۔ جسطرح ملک کے طول و ارض سے لوگوں نے سوگوار خاندانوں کے پاس پہنچ کر اظہار تعزیت کیا ہے بلاشبہ دکھ بانٹنے والی بات ہے۔اللہ تعالیٰ صدمے اور چوٹ کے زخموں کا مرہم بھی اپنے فضل و کرم سے عطا کرے اور والدین کو ، اہلِ خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جشن مولود کعبہ ڈیرہ حکیم صاحبزادہ باوا سرکار سائیں اللہ ہو سرکار جٹ رندھاوا پر بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
گجرات(جی پی آئی)جشن مولود کعبہ ڈیرہ حکیم صاحبزادہ باوا سرکار سائیں اللہ ہو سرکار جٹ رندھاوا پر بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جس میں ذاکرین نے قصیدے اور خطبات اور ذکر علی پیش کیے گئے اس موقع پر عقیدت مند ڈھول کی ٹھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اس موقع پر باوا سرکار نے کہا کہ حضرت علی کی فضیلت جتنی بھی بیان کریں کم ہیں جشن کے احتتام پر معزین محفل میں باوا سرکار نے اپنے ہاتھوں سے لنگر تقسیم کیا اور دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں پاکستان موٹر ویز کے اشتراک سے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا
گجرات(جی پی آئی)دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں پاکستان موٹر ویز کے اشتراک سے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، جس میں سینئر پٹرولنگ آفیسر امجد بخاری اور اسسٹنٹ پٹرولنگ آفیسر ساجد رحمان نے سکول کے بچوں ، سٹاف اور ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی کے حوالہ سے لیکچر دیا، ایس پی او امجد بخاری نے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈرائیورز ٹریفک قوانین پر عمل کریں تو جان لیو حادثات سے بچا جا سکتا ہے ، اور بچوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ آج کے بچے کل کے ذمہ دار شہری ہیں اور ٹریفک پولیس ان بچوں کی صحت کیلئے دعا گو ہے ، ہم شہزاد شفیق کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، کہ انہوں نے اپنے سکول کے تمام گاڑیوں کے ڈرائیورز کو لیکچر میں شامل کیا تا کہ وہ ٹریفک قوانین سے آگاہ ہو سکیں ، شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ ہم اپنے ادارے میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کر رہے ہیں تا کہ بچوں اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزارت داخلہ نے لائسنس ہولڈروں کو مطلع کیا ہے کہ اسلحہ لائسنسوں کی رجسٹریشن بروقت کروالیں
گجرات (جی پی آئی ) وزارت داخلہ نے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے اسلحہ لائسنس ہولڈروں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اسلحہ لائسنسوں کی رجسٹریشن 2013 اپنے اضلاع کی لائسنسنگ برانچ سے بروقت کروا لیں بصورت دیگر ان کے تمام اسلحہ لائسنسوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی وزارت داخلہ نے یہ حکم نامہ بذریعہ مراسلہ جاری کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تھانہ رحمانیہ کے علاقہ میں معمولی جھگڑا پر فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا گیا
گجرات (جی پی آئی ) تھانہ رحمانیہ کے علاقہ میں معمولی جھگڑا پر فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا گیا پولیس نے مقدمہ درج کر لیا بتایا گیا ہے کہ لالہ موسیٰ کے 18 سالہ اسامہ کا گائوں رحمانیہ میں جاوید نامی شخص سے معمولی جھگڑا ہوا جس پر جاوید نے طیش میں آ کر فائرنگ کر کے اسامہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا پولیس تھانہ رحمانیہ نے مقتول اسامہ کے والد محمد عرفان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یو فون کے ملازم کو سرائے عالمگیر کے قریب گن پوائنٹ پر دو مسلح افراد نے پونے دو لاکھ روپے سے محروم کر دیا
گجرات (جی پی آئی ) یو فون کے ملازم کو سرائے عالمگیر کے قریب گن پوائنٹ پر دو مسلح افراد نے پونے دو لاکھ روپے سے محروم کر دیا بتایا گیا ہے کہ یو فون کے ملازم شوکت علی ولد محمد رشید کو دن دیہاڑے سرائے عالمگیر کے قریب دو نامعلوم مسلح افراد نے دن دو بجے کے قریب پونے دو لاکھ روپے کی نقدی سے محروم کر دیا اور فرار ہو گئے یاد رہے اس سے قبل بھی دو بار ڈاکوئوں نے اس سے لاکھوں روپے لوٹ لیے تھے مگر پولیس نے طفل تسلی کے سوا کچھ نہیں دیا تاہم پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا شوکت علی نے ڈی پی او گجرات سے مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تھانہ بی ڈویژن کا علاقہ منشیات فروشی کا گڑھ بن گیا
گجرات (جی پی آئی ) تھانہ بی ڈویژن کا علاقہ منشیات فروشی کا گڑھ بن گیا پولیس نے منتھلی حاصل کر کے چپ سادھ لی اہلیان علاقہ پریشان ڈی پی او گجرات سے نوٹس لینے کا مطالبہ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ محلہ کھاری کھوئی میں پولیس کی نگرانی میں بدنامِ زمانہ منشیات فروش ککو میراثی اور بوٹو میراثی سرِعام منشیات فروشی کا دھندہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے مقامی پولیس منتھلی لینے کے بعد خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے گجرات کے شہریوں بالخصوص علاقہ کے لوگوں نے ڈی پی او گجرات سے منشیات فروشی کے خاتمے اور مقامی پولیس کے خلاف بھی ایکشن لینے کا بھرپور مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات اور گردونواح میں تین روز سے جاری بارش نے ایک بار پھر موسم کو خوشگوار اور ٹھنڈا کر دیا
گجرات (جی پی آئی) گجرات اور گردونواح میں تین روز سے جاری بارش نے ایک بار پھر موسم کو خوشگوار اور ٹھنڈا کر دیا مگر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جوں کا توں ہے گذشتہ روز بھی گجرات شہر اور گردونواح میں سارا دن بادل چھائے رہے وقفہ وقفہ سے ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں اور رم جھم کا سلسلہ جاری رہا موسم ٹھنڈا ہونے کے ساتھ ساتھ واپڈا حکام نے بھی اپنا کام دکھانا شروع کر دیا کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو موسم ٹھنڈا ہونے کے باوجود پریشان نہ کیا مگر واپڈا نے اپنا کام جاری رکھا بجلی نہ ہونے کی وجہ سے متعدد علاقے پانی سے محروم رہے گجرات کے شہریوں نے واپڈا حکام سے طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات کے رکشہ ڈرائیوروں نے ایل پی جی گیس کی بندش پر جی ٹی ایس چوک سے چوک پاکستان تک احتجاجی ریلی نکالی
گجرات (جی پی آئی ) گجرات کے سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں نے ایل پی جی گیس کی بندش پر جی ٹی ایس چوک سے چوک پاکستان تک احتجاجی ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی اور احتجاج کیا احتجاجی ریلی کے دوران رکشہ ڈرائیوروں نے احتجاجی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے احتجاجی ریلی کے دوران کئی گھنٹے ٹریفک بلاک رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات میں گیسٹرو اور خسرے میں مبتلا سینکڑوں افراد ہسپتال پہنچ گئے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات میں گیسٹرو اور خسرے میں مبتلا سینکڑوں افراد ہسپتال پہنچ گئے بتایا گیا ہے کہ ضلع بھر میں گیسٹرو اور خسرے میں درجنوں افراد مبتلا ہو چکے ہیں اور علاج کے لیے عزیز بھٹی شہید ہسپتال سمیت ضلع بھر کے سرکاری و غیر سرکاری ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ڈاکٹروں کے مطابق گیسٹرو اور خسرے کے امراض پر قابو پایا جا سکتا ہے اگر مریض ان امراض میں مبتلا ہو جائیں تو ان کو چاہیے کہ وہ بروقت علاج کے لیے فوری رابطہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ منگووال وین حادثہ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا کین اور ناقص سلنڈر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے
گجرات (جی پی آئی ) گجرات و گردونوح میں سانحہ منگووال وین حادثہ کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا کین اور ناقص سلنڈر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے شہر بھر میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس اہلکاروں نے پیٹرول کے کین رکھ کر چلائی جانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کو پکڑ کر مختلف تھانوں میں بند کر دیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ منگوال میں زخمی طالبہ آمنہ الطاف جاں بحق ہو گئی
گجرات (جی پی آئی ) سانحہ منگووال وین حادثہ میں جھلس کر شدید زخمی ہونے والی پریپ کلاس کی چار سالہ طالبہ آمنہ الطاف گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سی ایم ایچ کھاریاں میں دم توڑ گئی حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے جبکہ کھاریاں سی ایم ایچ ہسپتال میں زیر علاج دیگر زخمی بچوں کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتظامیہ کی بے حسی اور نا اہلی کی وجہ سے پابندی کے باوجود آبادی کے علاقوں میں سی این جی اسٹیشن کام کر رہے ہیں
گجرات ( جی پی آئی ) انتظامیہ کی بے حسی اور نا اہلی کی وجہ سے گجرات شہر اور گردونواح میں پابندی کے باوجود آبادی کے علاقوں میں سی این جی اسٹیشن کام کر رہے ہیں جو کہ کسی بڑے حادثہ کا موجب بن سکتے ہیں ان سی این جی اسٹیشنوں پر لمبی لمبی قطاروں میں لگی ہوئی گاڑیاں متعدد بار سلنڈر پھٹنے سے تباہ ہو چکی ہیں مگر ضلعی انتظامیہ نے اس طرف کوئی خصوصی توجہ نہیں دی اور نہ ان سی این جی اسٹیشن مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے شہر بھر میں کسی غیر قانونی سی این جی اسٹیشن کھلنے سے گیس کا پریشر بھی انتہائی کم ہو گیا ہے بعض اوقات چھٹی کے باوجود بھی سی این جی اسٹیشن کھلے رہتے ہیں اس سلسلہ میں محکمہ سوئی گیس کا عملہ بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر نظر آتا ہے گجرات شہر میں کئی ایسے سی این جی اسٹیشن ہیں جو کہ آبادی کے علاقہ میں تعمیر کئے گئے ہیں جو کہ کسی وقت بھی کسی حادثتہ کا سبب بن سکتے ہیں جی ٹی ایس چوک رحمان شہید روڈ جی ٹی روڈ سمیت دیگر آبادی والے علاقوں میں قائم سی این جی اسٹیشنوں کو فوری طور پر سیل کر کے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بے گناہ شہری ان کی زد میں نہ آ سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یونیورسٹی آف گجرات حافظ حیات کیمپس کے دیڈیو کانفرنسنگ ہال میں 30مئی کوہو گا
گجرات (جی پی آئی)یونیورسٹی آف گجرات حافظ حیات کیمپس کے دیڈیو کانفرنسنگ ہال میں 30مئی بروز جمعرات بوقت 9:30amبجے شروع ہو گا ۔ شعبہ کیمیکل انجنئرنگ کے زیرِ اہتمام ”پراسیس انڈسٹری میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کا کردار”کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار ہو گا۔ اس سیمینار کا مقصد تعلیم و صنعت میں قائم رشتہ کو مضبوط بنانا ہے۔اور یونیورسٹیوں اور صنعت کے اشتراک سے مختلف منصوبوں کی بابت ریسرچ کے کام کو آگے بڑھانا ہے۔اس سیمینار کے مہمان خصوصی وائس چانسلر UOGپروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین ہونگے جبکہ مختلف یونیورسٹیوں سے تشریف لانے والے ماہرین اور انڈسٹری کے مقتدرنمائندگان اس سیمینار میں شریک ہونیوالے طلباء و طالبات اور شرکاء کو اپنی علم پرور تقاریر کے ذریعے موضوع کے اغراض و مقاصد اور افادیت سے آگاہ کریں گے۔ سیمینار کے مقریرین میں ڈاکٹر نیاز احمد ،جنرل منیجر ابراہیم فیبرکس چوہدری محمد اکرم، ڈاکٹر عامر اعجاز ، جنرل منیجر سروس انڈسٹریز غلام احمد چیمہ، انجئیر خالد عثمان، پروفیسر ڈاکٹر ایس آر مالک اور ڈاکٹر آصف علی قیصر شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری محمد صادق کی وفات پر یونیورسٹی انتظامیہ ، اساتذہ اور طالب علموں نے گہرے دکھ کا اظہارکیا
گجرات (جی پی آئی)یونیورسٹی آف گجرات کے ایڈیشنل ڈائریکٹر QECپروفیسر محمد عارف چوہدری کے والد محترم چوہدری محمد صادق کی وفات پر یونیورسٹی انتظامیہ ، اساتذہ اور طالب علموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کیساتھ ہمدردی کے جزبہ کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر محمد نظام الدین نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کیلئے اس کے ماں باپ محترم و مقرب ہوتے ہیں۔ دنیا میں کوئی غم نیک والدین کے دنیا سے رخصت ہو جانے کے غم سے بڑھ کر نہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ہم سب پروفیسر محمد عارف کے والد محترم کی وفات پر ان کے لئے مغفرت کے طلبگار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر عارف چوہدری کے والد ایک نیک اور پر خلوص انسان تھے۔ انہوں نے اپنی اولاد کی بہتر تربیت کر کے اپنے پر عزم ہونے کا ثبوت دیا۔رجسٹرار UOGڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا ہر فرد پروفیسر محمد عارف چوہدری کے والد محترم کی وفات پر ان کے غم میں شریک ہے۔ہم سب پروفیسر محمد عارف چوہدری کے والد محترم کی وفات پر ان کیلئے مغفرت کے طلبگار ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو بہترین اجر سے نوازے۔ یونیورسٹی آف گجرات کے تمام ڈائریکٹران ، انتظامیہ کے نمائندوں ، محتلف شعبہ جات کے صدور اور فیکلٹی ممبران نے پروفیسر محمد عارف چوہدری کے والد محترم کے جنازہ میں شرکت کی اور فردا ًفرداً پروفیسر محمد عارف چوہدری کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے والد محترم کیلئے دعائے مغفرت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کوثر ثقلین کو بچوں سمیت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں :علامہ ڈاکٹر سید تنویر حسین رضوی
گجرات (جی پی آئی )مجلس وحدت مسلمین ضلع گجرات کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر سید تنویر حسین رضوی نے اپنے ایک بیان میں کراچی میں سندھ بار کونسل کے ممبر اور سینئر وکیل کوثر ثقلین کو ان کے 2بچوں سمیت ٹارگٹ کلنگ کر کے قتل کرنے کے واقعہ کی بھر پور مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے مگر حکومت امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ لوگوں کو انصاف دلانے کی جدوجہد کرنے والوں کو دن دیہاڑے موت کے گھاٹ اتارنا حکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے مرتکب عناصر کھلے عام دندتے پھرتے ہیں اور ریاستی ادارے ان کے خلاف ایکشن لینے سے گھبراتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک جرات مندانہ فیصلے نہیں کیے جاتے اور معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک سزا نہیں دی جاتی ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سانحہ منگووال کے شہید طلبہ اورٹیچر کے لواحقین سے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی یاورعباس نے اظہار تعزیت کی
گجرات(جی پی آئی )سانحہ منگووال کے شہید طلبہ اورٹیچر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لیے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی یاورعباس نے ان کی رہائش گاہوں پر جاکر فاتحہ خوانی کی ۔ انہوںنے اس موقع پر کہا کہ سانحہ منگووال ہر شخص کے لیے دکھ اور غم کی داستان چھوڑ گیا ہے اس سانحہ سے متاثرہ خاندان ہی نہیں بلکہ پوری قوم سوگ کی حالت میں ہے۔ معصوم طلبہ کی شہادت حکومتی اداروں میں بیٹھے سب اچھا ہے کہ رپورٹ دینے والوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تمام حکومتی ادارے اگر عوامی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھیں اور اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام دیتے تو آج یہ سانحہ رونما نہ ہوتا ۔ انہوںنے کہا کہ سانحہ کے بعد ہزاروں گاڑیوں کو ان فٹ کر کے روڈ پر چلنے سے روک کر حکومتی اداروں نے ثابت کیا ہے کہ وہ خواب غفلت میں سوئے ہوئے تھے ۔ انہوںنے چیف جسٹس کے ازخود نوٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ پڑتال کر کے قرار واقعی ملزمان کو سخت سزا دے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوسکیں ۔ انہوںنے شہید ٹیچر کے بہادری اور جرات مند کارنامے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ شہید ٹیچر کو اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے۔