لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف سے برطانوی ماہرین تعلیم کے وفد نے رائے ونڈ میں ملاقات کی ، نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں نوجوانوں کا ٹیلنٹ قابل تحسین ہے ، اس میں مزید نکھار لائیں گے۔ رائے ونڈ جاتی عمرا میں نوازشریف سے ملاقات کرنے والے 8 رکنی وفد کی قیادت معروف ماہرتعلیم مائیکل باربر نے کی ، سینیٹر اسحاق ڈار ، چودھری نثار علی ، احسن اقبال اور مریم نواز بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کے دوران سوشل سیکٹر اور شعبہ تعلیم میں اصلاحات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ، نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے طلبا اپنے اندر بے پناہ صلاحیتیں رکھتے ہیں ،انہیں اجاگر کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔
ان کاکہنا تھا کہ تعلیم اولین ترجیح ہے، ان کی حکومت نظام تعلیم کو عالمی معیار کے برابر لائے گی،پنجاب کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ترقی کیلئے کام کیا جائیگا ، برطانوی وفد نے پنجاب میں شہبازدور کے تعلیمی منصوبوں کو سراہا۔