میران شاہ (جیوڈیسک) کالعدم تحریک طالبان جنوبی وزیرستان کے امیر ولی الرحمن کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد خان سید عرف سجنا کو نیا امیر مقرر کر دیا گیا۔ سرکاری اور کالعدم تحریک طالبان کے آزاد ذرائع کے مطابق کل شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چشمہ پل کے علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں نے کالعدم تحریک طالبان کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔
جس میں امیر ولی الرحمن اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں فخر عالم، نصیر الدین، عادل شامل ہیں۔ ولی الرحمن کو ڈنڈے درپہ خیل کے علاقے میں حقانی قبرستان میں جبکہ پانچ شدت پسند کمانڈروں کو میران شاہ کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
بعد ازاں کالعدم تحریک طالبان جنوبی وزیرستان کی شوری کا اجلاس ہوا جس میں خان سید عرف سجنا کو نیا امیر مقرر کرلیا گیا۔ خان سید عرف سجنا کی عمر 36 سال ہے اس کا تعلق قوم شوبی خیل جنوبی وزیرستان سے ہے۔ سجنا نے افغانستان جہاد میں بھی حصہ لیا تھا وہ ولی الرحمن کے نائب بھی تھے۔