پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسد قیصر بلا مقابلہ سپیکر اور امتیاز شاہد قریشی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے ۔عمران خان نے بلامقابلہ کامیابی کو جمہوریت کی فتح قرار دیدیا۔ خیبر پختون خوا اسمبلی کے نومنتخب سپیکر اسد قیصر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
سابق سپیکر کرامت اللہ چغرمٹی نے ان سے حلف لیا۔ سپیکر اسد قیصر نے ڈپٹی سپیکر امتیاز شاہد قریشی سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔اس سے قبل سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے ووٹنگ سے پہلے سپیکر نے پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہوں کو اپنے چیمبر میں طلب کر تے ہوئے اجلاس کو 15 منٹ کیلئے ملتوی کر دیا۔
جہاں پارٹی رہنماں نے ایک دوسرے کے ساتھ ایک گھنٹے تک مشاورت کی جس کے بعد جے یو آئی کے منور خان نے بطور سپیکر اور مسلم لیگ ن کے ارباب اکبر حیات نے بطور ڈپٹی سپیکر اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ اس طرح تحریک انصاف کے اسد قیصر بلا مقابلہ خیبر پختون خوا اسمبلی کے سپیکر اور امتیاز شاہد قریشی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے قائد عمران خان نے اسد قیصر اور امتیاز شاہد قریشی کی بلامقابلہ کامیابی کو جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے ۔ امتیاز شاہد قریشی کا کہنا ہے کہ وہ ایوان کو ساتھ لے کر چلیں گے۔تحریک انصاف کی جانب سے پرویز خٹک نے وزیراعلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ ذرایع سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلی کا انتخاب بھی اتفاق رائے سے ہو جائے گا۔ کل قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔