لندن (جیوڈیسک) لندن برطانیہ میں دلہا بننے کے چکر میں پاکستانی نوجوان حوالات پہنچ گیااور اب اسے ملک بدر کیے جانے کاامکان ہے۔24 برس کے پاکستانی نوجوان کی آکسفورڈرجسٹری میں پولش دوشیزہ سے شادی کے موقع پر پولیس نے چھاپہ ماردیااور ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طورپر برطانیہ میں رہنے پر سوٹ بوٹ میں ملبوس دلہا کو حراست میں لے لیا۔
حکام کا خیال ہے کہ پاکستانی نوجوان 20 سال کی دوشیزہ سے محبت کی شادی نہیں بلکہ پیپر میرج کرنے کے چکر میں تھاتاکہ برطانیہ میں ٹہرنے کا بہانہ مل جائے۔ کورٹ میرج سے پہلے ہی پولیس آگئی اور ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔سفیدکپڑوں میں ملبوس20سال کی دوشیزہ بھی تماشہ دیکھتی رہ گئی اورہوم آفس امیگریشن انفورسمنٹ اہلکاردلہا کوموبائل میں ڈال کے حوالات کی سیر پرنکل گئے۔
پچھلے 2 ماہ میں آکسفورڈ میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔پچھلے ماہ آکسفورڈمیں بنگلادیشی نوجوان کو پکڑاگیاتھا۔ جوپاکستانی پکڑاگیاہے اسکی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔امکان ہے کہ شادی کے دن ایک دوسرے سے بچھڑا یہ جوڑااب اگلے جنم ہی میں ایک ہوگا۔