متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ماہر تعلم ممتاز سماجی کارکن ایم کیو ایم فیڈرل بی ایریا سیکٹر اور فیڈرل بی ایریا ریزیڈنٹ کمیٹی کے دیرینہ رکن پروفیسر اظفر رضوی اور انکے ڈرائیور کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اظفر رضوی شہید کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پروفیسر اظفر رضوی ایک انتہائی نفیس اورباکردار شخصیت اورسادہ طبیعت کے انسان تھے، وہ ادبی اور سماجی حلقوں میں ایک سرگرم شخصیت تھے اور ان کا قتل بڑا سانحہ اور ادبی وسماجی حلقو ں اور تعلیم کے شعبے کاقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظفر رضوی اپنی ادبی اور سماجی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم کے پیغام کو پھیلانے میں بھی سرگرم عمل تھے اورایم کیوایم کی فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے تھے۔
انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالی اظفر رضوی شہید کو اپنی جواررحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو صبرجمل عطا کرے۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میرہزار خان کھوسہ، نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکن و ماہر تعلیم اظفر رضوی اور انکے ڈرائیور کے بہیمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اور قتل کی المناک واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔