پنجاب اسمبلی : آج 358ارکان اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور (جیوڈیسک)  لاہور پنجاب اسمبلی کے371 کے ایوان میں آج 358ارکان اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ تقریبا ڈیڑھ سو نئے چہرے پہلی مرتبہ اسمبلی کا حصہ بن رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں مسلم لیگ ن کی ہیں جن میں 246جنرل اور اقلیتوں کی 7 نشستیں ہیں۔ خواتین کی 50 مخصوص نشستیں بھی مسلم لیگ ن کے پاس ہیں۔

دوسرے نمبر پر تحریک انصاف کی 20 جنرل، خواتین کی 5 مخصوص اور ایک اقلیتی نشت ہے۔مسلم لیگ ق پنجاب اسمبلی میں تیسری بڑی جماعت ہے جس کے پاس 7 جنرل، 2 خواتین کی مخصوص نشستیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی 6جنرل اور خواتین کی ایک مخصوص نشست ہے۔مسلم لیگ ضیا کے پاس 2 جنرل، خواتین کی ایک مخصوص نشست ہے، جماعت اسلامی، جے یو آئی ف اور پاکستان نیشنل مسلم لیگ کے پاس ایک ایک سیٹ ہے، چھ آزاد امیدوار بھی ایوان کا حصہ ہیں۔

مسلم لیگ ن کی 27 خواتین ارکان پہلی مرتبہ ایوان میں آ رہی ہیں 16 دوسری مرتبہ جبکہ 7 تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی میں بیٹھیں گی۔ تحریک انصاف کی 6خواتین پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں جائیں گی۔ مسلم لیگ ق کی دو خواتین ارکان دوسری مرتبہ جبکہ پیپلز پارٹی کی واحد خاتون رکن فائزہ ملک تیسری مرتبہ ایوان کا حصہ بن رہی ہیں۔ مسلم لیگ ضیا کی غزالہ شاہین پہلی مرتبہ اسمبلی کی رکن بنی ہیں۔