ججز نظر بندی کیس ، عدالت کا پر اسیکیوٹر کو چھ جون تک چالان جمع کرانے کا حکم

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت اسلام آباد میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت، پرویز مشرف کے خلاف چالان جمع نہ کرائے جانے پر عدالت کا اظہار برہمی، پراسیکیوٹر عامر ندیم کو چھ جون تک چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشتگردی کی عدالت اسلام آباد میں پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کی سماعت ہوئی، سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف چالان جمع نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

انسداد دہشتگردی کے جج کوثر عباس زیدی نے ریمارکس میں کہا کہ مقدمے کا عبوری چالان تو جمع ہونا چاہئے جس پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے عدالت کو بتایا کہ میری تعیناتی کا نوٹیفکیشن تاخیر سے ہوا، مشرف کے خلاف چالان مکمل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھے۔

جواب نہیں آیا، تفتیشی افسر نے کابینہ ڈویژن ، قومی اسمبلی، وزارت اطلاعات کو خطوط لکھے تھے، عامر ندیم تابش نے عدالت کو یقین دلایا کہ آئندہ سماعت پر چالان جمع ہو جائیگا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کو چھ جون تک ججز نظر بندی کیس کا چالان جمع کرانے کا حکم دیا۔