پاکستان (جیوڈیسک) میں تعینات انڈو نیشیا کے سفیر برہان محمد نے کہا ہے کہ انڈو نیشیا اور پاکستان کے مابین ترجیحی تجارت کامعاہدہ ہونے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مذید بہتری آئے گی ، جس سے نہ صرف تجارتی حجم بڑھے گا بلکہ پاکستانی تاجر برادری کو آسیان ممالک کی مارکیٹوں تک آسان رسائی بھی مل سکے گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر ظفر بختاوری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انڈونیشیا کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ترجیحی تجارت کے معاہدے میں کچھ تاخیر ہے ، جس کی وجہ سے پی ٹی اے کا ابھی تک نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہو سکا تاہم انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے انڈونیشیا کے ٹریڈ منسٹر سے بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جس سے پاکستان انڈونیشیا کے ماہرین کے تعاون سے کوئلہ سے بجلی پیدا کر کے استفادہ کر سکے گا۔
اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے دونوں ممالک میں موجود تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان انڈونیشا کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو مذید فروغ دینا چاہتا ہے۔