قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی آج داخل ہوں گے، مسلم لیگ ن نے سردار ایاز صادق کو امیدوار نامزد کر دیا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی بارہ بجے تک جمع کروائیں جائیں گے۔ ان کی جانچ پڑتال کا عمل دو بجے تک مکمل کیا جائے گا۔
تین جون کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخابی معرکہ ہو گا۔ آئین کے مطابق یہ الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا۔ مسلم لیگ ن نے سردار ایاز صادق کواسپیکر اور مرتضی جاوید عباسی کو ڈپٹی اسپیکر کے لئے نامزد کیا ہے۔
تحریک انصاف کی طرف سیکوہاٹ سے رکن اسمبلی شہریار آفریدی اسپیکر اور منزہ حسن کو ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں۔