تھرپارکرغیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تھرپارکر کے حلقہ این اے 229 سے پیپلزپارٹی کے فقیر شیر محمد بلالانی اور پی ایس 17 کشمور سے میر عابد حسین سندرانی کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ این اے 230 تھرپارکرپر ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے229 تھرپارکر ون کے 4 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ میں پیپلزپارٹی کے فقیر شیر محمد بلالانی نے 1774 جبکہ پیپلزمسلم لیگ کے ارباب توگاچی نے 731 ووٹ حاصل کئے۔
اس طرح غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے فقیر شیر محمد بلالانی 279 پولنگ اسٹیشن سے مجموعی طور پر 86 ہزار 592 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ پیپلز مسلم لیگ کے ارباب توگاچی 84 ہزار 922 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔دوسری جانب حلقہ این اے 230 تھرپارکر ٹو کے 43 میں سے 29 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار نور محمد شاہ جیلانی کو برتری حاصل ہے۔
ادھر پی ایس 17 کشمور کے 3پولنگ اسٹیشن کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار میر راجہ غوث بخش بجارانی نے 1536 ووٹ اور پیپلزپارٹی کے میر عابد حسین سندرانی نے صرف 708 ووٹ حاصل کئے۔ تاہم پی ایس 17 کے تمام 56 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کے مطابق میر عابد حسین سندرانی 20 ہزار 556 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کے میر راجہ غوث بخش بجارانی 18 ہزار 777 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔