سنجھورو تھانہ کی حدود ، گائوں گیارہ پلی میں دیور اور سوتیلے بیٹوں نے مل کر سوتیلی ماں کو کاروکاری کا الزام لگا کر قتل کر دیا

سنجھورو تھانہ کی حدود میں سلطان کوٹ کے نزدیک گائوں گیارہ پلی میں مسمات مہناز جگوانی کی بارہ سال قبل رحمان بنگلانی نامی شخص سے دو سری شادی ہوئی تھی جس میں سے ایک بیٹا پیدا ہوا۔ سہ پہر کے وقت رحمان بنگلانی کے چاروں بیٹوں سچل، پریل، بچل اور نواب نے اپنے چچا کھوبو سے مل کر اپنی سوتیلی ماں 36 سالہ مسمات مہناز جگوانی پر کاروکاری کا الزام لگا کر بندوق کے فائر کرکے قتل کردیا۔

مہناز جگوانی موقع پر ہی دم توڑ گئی ۔ سنجھورو پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور سول ہسپتال سانگھڑ پہنچایا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا ء کے حوالے کر دی گئی۔

مقتولہ کے بھائی نے بتا یا کہ رحمان بنگلانی قتل کے مقدمہ میں سکھر جیل میں سزا کاٹ رہا ہے اور مذکورہ ملزمان نے جائیداد ہڑپ کرنے کے لئے کاروکاری کا بے بنیاد الزام لگا کر ہماری بہن کو قتل کیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی غیر جانبدار تفتیش کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تحصیل سنجھورو میں دو ہفتوں کے اندر کارو کاری کی بھینٹ چڑھنے والے افراد کی تعداد پانچ ہو گئی ہے جن میں سب سے زیادہ چار افراد کھڈرو تھانہ کی حدود میں قتل ہوئے ہیں جبکہ مذکورہ خاتون سنجھورو تھانہ میں قتل کی گئی ہے۔