پاکستان (جیوڈیسک) سپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق نے الیکشن میں عمران خان کو شکست دی تھی پاکستان کی قومی اسمبلی میں اکثریتی جماعت مسلم لیگ نون نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے امیدوارں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سپیکر کے لیے سردار ایاز صادق کو نامزد کیا ہے جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے مرتضی جاوید عباسی کو نامزد کیا گیا ہے۔
احسن اقبال کے بقول قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی نامزدگی کا فیصلہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ہونے والے پارٹی کے غیر رسمی پارلیمانی اجلاس میں کیا گیا۔ پاکستان میں گیارہ مئی کے انتخابات کے بعد ملک کی 14 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سنیچر کو منعقد ہوا تھا۔ اس اجلاس میں سابق اسمبلی کی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے نومنتخب اراکینِ اسمبلی نے حلف لیا۔ پاکستانی پارلیمان کے ایوان ِ زیریں کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب پیر کو ہوگا۔
ان عہدوں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی اتوار دو جون تک جمع کروائے جا سکتے ہیں اور کامیاب امیدوار کا فیصلہ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا۔ رائے شماری میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گا اور منتخب ہونے والے سپیکر سے سبکدوش ہونے والی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا حلف لیں گی جبکہ ڈپٹی سپیکر سے نومنتخب سپیکر حلف لے گا۔ ایوان زیریں میں قائدِ ایوان کا انتخاب نئے سپیکر کی صدارت میں ہو گا اور مسلم لیگ نون نے میاں نواز شریف کو متفقہ طور پر وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار بھی نامزد کیا ہے۔