بلوچستان میں حکومت سازی، ڈاکٹر عبدالمالک وزیراعلی نامزد

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

مری (جیوڈیسک) بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلی بلوچستان نامزد کر دیا ہے۔ گورنر بلوچستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہو گا۔ مری بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک ٹرانسپیرنٹ حکومت قائم کی جائے گی۔

بلوچستان میں گزشتہ کئی سالوں سے جاری کھیل کو جاری رکھنے کی اب کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ہم بلوچستان میں تبدیلی لا کر رہیں گے۔ وفاق بلوچستان میں امن و عامہ کے قیام کے لئے بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آگیا ہے۔ بلوچستان میں ہمیشہ تشدد کے خاتمے، خوشحالی اور وسیع تر مفاد کی بات کی ہے۔

بلوچستان میں تبدیلی لائیں گے اور گڈ گورننس قائم کرینگے۔ بلوچستان میں میرٹ اور صلاحیت کی حکمرانی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلی بلوچستان نامزد کر دیا گیا ہے جبکہ گورنر بلوچستان پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہو گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پنجاب کا رویہ بہت ہی مثبت اور جمہوری ہے۔

اگر آپ ایک قدم بڑھائیں گے تو بلوچ عوام دو قدم آگے بڑھائیں گے۔ نئے جمہوری پاکستان
کی تشکیل ہمارا ایجنڈا ہے۔ حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران جو ہوتا رہا وہ اب نہیں ہوگا۔

چھوٹی پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا کام صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کر سکتی ہے۔ ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف پاکستان کو ایک نیا پاکستان بنانے کا وژن رکھتے ہے۔ بلوچستان کے وزیراعلی کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے۔