اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہو گا، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار میدان میں آگئے، قومی اسمبلی کا نیا اسپیکر کون ہوگا، مسلم لیگ ن نے ایاز صادق کو نامزد کردیا جنہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، ڈپٹی اسپیکر کے لئے مرتضی جاوید عباسی مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔
تحریک انصاف نے اسپیکر کے لئے شہریار آفریدی اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے منزہ حسن کو میدان میں اتارا،ایس اقبال قادری کو ایم کیو ایم نے اسپیکر اور کشور زہرہ کو ڈپٹی اسپیکر کے لئے نامزد کیا، پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور امیدوار برائے اسپیکر اور غلام رسول کوریجا ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار بنے۔
سب کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے، دونوں عہدوں کے لئے انتخاب الگ الگ اور خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل کوئی بھی امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے۔