کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کریم آباد میں تیرہ سالہ طالب علم کو پولیس نے مبینہ تشدد کر کے شدید زخمی کر دیا، اہل خانہ نے زخمی بچے سمیت گورنر ہاس کے باہر احتجاج کیا۔ کریم آباد میں رات گئے پولیس نے تیرہ سالہ محمد علی کو تھانے میں مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں محمد علی کے ہاتھ اور پیر کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ اہل خانہ کے مطابق وہ تھانے پہنچے تو پولیس نے ان سے بیس ہزار روپے دینے کا مطالبہ کیا۔
تاہم احتجاج کرنے پر بچے کو چھوڑ دیا گیا۔ لواحقین بچے کو فوری طور پر عباسی شہید ھسپتال لے گئے۔ ھسپتال انتظامیہ نے بچے کو داخل کرنے سے انکار کر دیا جس پر وہ اسے لے کر گورنر ہاس پہنچے اور فوارہ چوک پر شدید احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی۔ بعد میں انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کئے اور بچے کو اسپتال روانہ کر دیا گیا۔