کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان کی گرفتاریوں اور لاپتا ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صدرزرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ گورنر ہاوس کی کوششیں بھی ناکام ہوتی نظر آرہی ہیں۔ کراچی میں رات گئے خورشید میموریل ہال میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ شہرمیں بے امنی پھیلانے والے عناصر کو پارٹی ٹکٹ دے کر ایوانوں تک پہنچایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ایازحسن کوٹول پلازہ سے دن دھاڑے اغوا کیا گیا۔ کارکنان کے لاپتا کرنے کی کارروائی تکلیف دہ ہے۔ دوسری جانب ایک بیان میں الطاف حسین نے آرگنائزنگ کمیٹی ماڑی پورسیکٹر کے رکن محمد بابر کے قتل کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ انتخابات میں ماڑی پورسے ایم کیوایم کے امیدوار کی کامیابی پر دہشت گرد پارٹی کارکنان وہمدردوں کو انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں۔