کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ مسلم لیگ ن کے جان محمد جمالی بلا مقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی جبکہ مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے۔ دونوں اپنے اپنے عہدوں کا حلف آج اٹھائیں گے۔سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے مطابق مسلم لیگ ن کے چار امیدوارسردار صالح بھوتانی، جان جمالی، میر عاصم کر د گیلو، در محمد ناصر، نے اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
جبکہ ن لیگ کی ثمینہ خان،مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو اور پشتونخوا میپ کے سردار رضا محمد نے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلیے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے ،رات نو بجے تک کاغذات واپس لیے جاسکتے تھے۔ دیگر امید واروں کے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد جان محمد جمالی بلا مقابلہ اسپیکر اور عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔