مشرف غداری کیس ، ملزم جو بھی ہو، فیصلہ میرٹ پر کرینگے ، سپریم کورٹ

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) عدالت عظمی میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت، جسٹس جواد ایس خواجہ کہتے ہیں انتہائی اہمیت کا حامل کیس ہے اس سے ملکی مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ فیصلہ میرٹ پر کیا جائیگا۔

سپریم کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ انتہائی اہمیت کا حامل کیس ہے اس سے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر فیصلہ کرنا ہے۔یہ نہیں دیکھنا کہ ملزم کون ہے ، اس کیس میں تمام درخواست گزاروں کو سماعت کا موقع دینگے۔درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت کو بتایا کہ اکتیس جولائی کے عدالتی فیصلے میں قرار دیا جا چکا ہے۔

تین نومبر کے اقدامات مشرف نے اپنے مفاد میں کیے، اے کے ڈوگر نے کہا کہ عدالت کا فرض منصبی ہے کہ اپنے فیصلے پر عمل کروائے۔ سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت کل پھر ہو گی۔