اسلام آباد (جیوڈیسک) نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی عہدوں سے استعفی دے دیا، کہتے ہیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر درخواست ملنے کے بعد کر دیا جائیگا۔ اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد بطور رکن سینٹرل ورکنگ کمیٹی اور سیکرٹری خزانہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مستعفی ہوگئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ذرائع سے غیر رسمی گفتگو میں نو منتخب سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر درخواست ملنے کے بعد کر دیا جائیگا۔
پارلیمنٹ میں کمیٹی سسٹم کو مضبوط اور موثر بنایا جائیگا اور قائمہ کمیٹیوں کی تعداد 25 تک رکھی جائیں گی ۔گزشتہ حکومت کے دور میں قائمہ کمیٹی اور خصوصی کمیٹیوں کی تعداد 48 سے ذیادہ تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کا تعلق 1960 سے ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ قومی اسمبلی کے اخراجات میں کمی کی لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں وزرات اعلی نیشنل پارٹی کو پلیٹ میں رکھ کر دی۔ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ ملک میں جمہوری حکومت ہوگی جس میں کسی کا ذاتی مفاد نہیں ہوگا۔