اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت عظمی کیلئے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امین فہیم اور پی ٹی آئی کے جاوید ہاشمی سے ہوگا۔ دوسری جانب ایم کیوایم نے ایوان میں اپوزیشن بنچوں کی درخواست دیدی ہے۔ وزارت عظمی کیلئے تین امیدوار سامنے آگئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے میاں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ محمود خان اچکزئی ، پیر صدرالدین شاہ، عباد اللہ ، اسحاق ڈار، خواجہ آصف ، خواجہ سعد رفیق اور انوشہ رحمان کی جانب سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔اس موقع پر ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ اگرمتفقہ وزیراعظم ہوجائے تو اچھی بات ہے۔
لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ بھی جمہوریت کا حسن ہے۔ پیپلزپارٹی کی طرف سے مخدوم امین فہیم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے 5 مختلف کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ تحریک انصاف کی جانب سے وزارت عظمی کیلئے جاوید ہاشمی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔
جاوید ہاشمی کے تجویز کنندہ ڈاکٹر عارف علوی اور تائید کنندہ غلام سرور خان ہیں۔نئے وزیر اعظم کا انتخاب کل دن گیارہ بجے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے نہیں بلکہ ایوان کی تقسیم کے ذریعے ہوگا۔ ہر امیدوار کے لئے ایک لابی بنائی جائے گی اور اپنے امیدوار کو ووٹ دینے والے ارکان اس لابی میں چلے جائیں گے،ارکان کی گنتی کے بعد اسپیکر نتائج کا اعلان کریں گے۔