اضلاع کی خبریں 04.06.2013

کراچی کے بعد پنجاب میں بھی علماء اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید تشویش ہے۔ رضا نقشبندی
اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سنی تحریک کے صو بائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ پنجاب میں جاری اہلسنت کے علماء اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ علامہ خرم رضا قادری،شکیل تہامی،سید وقار حسین شاہ،محمد داؤد مصطفائی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ اہلسنت کے علماء اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر تشویش ہے۔صوبے میں قیام امن کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو مثبت کردار ادا کر نا ہوگا۔ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے حکام بالا کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چا ہئے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی نگران وزیر داخلہ طارق پر ویز سے وفد کے ہمراہ ملا قات کے موقع پرکیا۔ پاکستان سُنی تحریک کے وفد میں صوبائی رہنما محمد زاہد حبیب قادری ،ڈاکٹر محمد عمران مصطفی، مفتی انتخاب احمد نوری،مو لانا مجاہد عبد الرسول خان،قاری محمد بوٹا جٹ اور مو لانا دلشاد احمد قادری شامل تھے ۔اس مو قع پر نگران صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویزنے کہا کہ انسانیت کااحترام سب سے بڑی عبادت ہے۔دہشتگردی اور فرقہ واریت کو پروان چڑھانے والے اسلام اورانسانیت کے بھی دشمن ہیں۔قیام امن کیلئے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو ہم آہنگی اور بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا۔ اسلام اور پا کستان کے دشمن ملک میں انتشار اور فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔پاک سر زمین پر کسی کو بیرونی ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام نے ہمیشہ در گزر اور صبر کی تلقین کی ہے۔مساجد، مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، دنیا بھر میں قیام امن کیلئے اسلام کی اصل روح کو متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔طارق پر ویز نے کہاکہ سرکاری طور پر دیے جانیوالے اختیارات اللہ اور ملک و قوم کی امانت ہیں،ہماری پوری کوشش ہے کہ ہر کسی کو اسکا حق اور انصاف ملے ۔سانحہ فرانسس آباد کے متاثرین کی ما لی امدادسمیت سنی تحریک کے دیگرمطالبات جلدازجلدپورے کرنے کی کو شش کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امام خمینی ایک کامل اور جامع شخصیت کے حامل تھے، امام خمینی ایک زندہ اور جاوید حقیقت کا نام ہے:علامہ ناصر عباس جعفری
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انقلاب اسلامی ایران کے بانی اور اکیسویں صدی کے عظیم رہبر و رہنما حضرت امام خمینی کی 24ویں برسی کی مناسبت سے مرکزی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ایک کامل اور جامع شخصیت کے حامل تھے، امام خمینی ایک زندہ اور جاوید حقیقت کا نام ہے۔علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ امام خمینی ایک کامل انسان اور اسلام کے عظیم رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم فقیہ تھے اور علم اصول میں عظیم اصول،عظیم عارف،عظیم قائد،عظیم پیشوا، اور رہنما تھے۔امام خمینی نے اپنے دور کے ظالم اور باطل حکمرانوں کو للکارا اور ان کے قائم کئے گئے ظلم کے نظاموں کو چیلنج کیا ،امام خمینی نے ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کی اور ہر ظالم و جابر کے خلاف قیام کیا ،امام خمینی کی عظیم شخصیت کی برکات کے نتیجے اور اسلامی اصولوں پر پابندی کے سبب ہی ایران میں اسلامی انقلاب کامیاب ہوا جو آج تک امام خمینی کے نائب حضرت امام خامنہ ای کی قیادت میں منزلوں کو طے کرتا ہوا ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ امام خمینی کی عظیم جد وجہد نے ہمیں یہ درس دیا ہے کہ اگر دنیا بھر کے مظلوم اکھٹے ہو جائیں تو ظالم اور ظلم کا خاتمہ ہو جائے گا۔امام خمینی نے اسلامی انقلاب اور اسلام کی سر بلندی کی خاطر ہر قسم کی قربانی دی حتیٰ قید وبند کی سختیاں اور جلا وطنی برداشت کی جبکہ انقلاب اسلامی کی راہ میں امام خمینی کے جانثاروں نے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا۔علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ آج بھی اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں عالمی طاغوتی طاقتوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند موجود ہے اور ایک دن آئے گا کہ حق کا پرچم سر بلند ہو گا اور تمام باطل نظاموں کو شکست فاش ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوجوان نسل اور عوام کو ہر جدید انداز سے منشیات کے خلاف شعور و آگاہی دی جائے گئی صدر فائونڈیشن شہزاد انجم بیگ
لاہور(جی پی آئی )منشیات سے پاک لاہور اور سیف چائلڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام مرکزی آفس سیف چائلڈ فائونڈیشن میں اینٹی ڈرگ تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا تصاویر جناح ڈگری کالج برآئے خواتین کی طالبات نے تیار کی تصاویر میں منشیات کے استعمال سے نقصانات اور تباہ کاریوں کو تصویری انداز میں دکھایا گیا نمائش کا مقصد نوجوان نسل کو ان کی زندگی میں مشغول رکھنا اور منشیات کے خلاف نوجوان نسل کو شعور و آگاہی فراہم کرنا ہے نمائش میں کثیر فیملیز بچوں اور لوگوں نے شرکت کی تصاویر طالبات ماریہ قریشی، مدیحہ مظہر، جویریہ اسلم، فریحہ منان اور سیدہ ماحور فاطمہ کی جانب سے تیار کی گئی فائونڈیشن اور عوام کی جانب سے ان طالبات کی بنائی گئی تصاویر کو بہت سراہا گیا اور بالخصوص سیدہ ماحور فاطمہ کی بنائی گئی تصاویر قابل ستائش تھیں فائونڈیشن کی جانب سے ان طالبات کو تعریفی اسناد بھی دی گئی اس موقع پر فائونڈیشن کے صدر شہزاد انجم بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا سرمایہ ہیں اس لیئے ان کو مختلف طریقوں سے مشغول رکھ کر منشیات کی دلدل سے بچایا جاسکتا ہے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا اور بالخوص لاہور کو منشیات سے پاک کرنا ان کا مشن ہے اور وہ پوری زندگی اس مشن پر کام کرتے رہیں گئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں کم عمری سے ہی سگریٹ نوشی اورمنشیات کا استعمال ایک افسوس ناک بات ہے والدین اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ معصوم بچے منشیات کی پہنچ سے دور رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ انسانیت پر بدترین ظلم ہے ،نوازشریف حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج توانائی بحران ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دیہاتوں میں بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ انسانیت پر بدترین ظلم ہے ۔ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے عوام کے لیے زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہوگیا ۔ نواز شریف حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج توانائی بحران ہے ۔ بجلی بحران اور شہروں اور دیہات میں چوریاں ، ڈکیتیاں اور مال مویشی کی چوری حد درجہ بڑھ گئی ہے ۔ سٹریٹ کرائم سے ہر گھر اور ہر خاتون غیر محفوظ ہو گئی ہے ۔مرکزی اور صوبائی حکومتیں عوام کے جان و مال اور عزت کا تحفظ یقینی بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ،وہاڑی ، خانیوال اور چیچہ وطنی میں اجتماع ارکان ، ورکرز کنونشن اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کی اگر کوئی پیش کش ہے تو اسے سنجیدگی سے لیا جائے ۔ اگرچہ امریکہ نہیں چاہے گا کہ پاکستان میں امن قائم ہو اور متحارب فریق صلح کرلیں ،اس لیے مذاکرات سے زیادہ اس امر کی اہمیت ہے کہ داخلہ اور خارجہ محاذ پر ناکا م پالیسیاں تبدیل کی جائیں ۔ قومی اعتماد بحال کیا جائے ، پاکستان دشمن قوتوں کے مقابلہ میں قوم کو یکسواور یک جان بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکی حکمت عملی کے حق میں ماحول بنانے والے عناصر کا سدباب کیا جائے ۔ پاکستان میں بیٹھ کر دشمن کا کھیل کھیلنے والے عناصر ہی پاکستان کے لیے بڑا مسئلہ ہیں ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے مظفر آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی دفاتر کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ ،پاکستان ، نئی نسل اور کشمیریوں کی محسن تنظیم ہے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے تربیت یافتہ افراد تمام شعبہ ہائے زندگی اور تمام سیاسی جماعتوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔ نوجوان نسل کو بامقصد زندگی سے وابستہ کرنا ، نئی نسل کو تبدیلی جو قلب و نظر کی تبدیلی ہو ، کے لیے تیار کرنا اہم ترین چیلنج ہے ۔ سائنسی تعلیم ، میڈیا ، سوشل میڈیا جدید دور کے اہم ترین ذرائع ہیں لیکن سیکولر بدتہذیب قوتیں ان ذرائع کو سیکولر معاشرہ بنانے کے لیے زبردستی استعمال کر رہی ہیں ۔ طلبہ اور نوجوانوں میں دین کی محبت ، حق سے آشنائی اور قرآن وسنت کی تعلیمات سے مضبوط رشتہ ہی مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے ۔ نوجوان نسل کو سیکولرازم ، مغربی سرمایہ دارانہ نظام اور امریکی غلامی سے نجات کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں برادران چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔۔ملک احسان گنجیال
لاہور (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی پاکستان ملک احسان گنجیال نے کہا ہے کہ میاں برادران چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں میاںمحمد نواز شریف نے بلوچستان میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر مالک کو وزیر اعلیٰ نامزد کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ انہیں اقتدار کے بجائے پاکستان کا امن اور روشن مستقبل عزیز ہے میاںمحمد نواز شریف کا مدبرانہ فیصلہ قومی سوچ کی عکاسی اور محب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے پر انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بہتر مستقبل کی طرف پیش قدمی کی ہے میاں محمد نواز شریف اقتدار میں آکر ملکی حالات بہتر کرنے کیلئے عظیم اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ مشکلات میں گھرے ملک کو واپس ٹریک پر لے آئیں گے میاں محمد نواز شریف کا وژن اور قومی سوچ ملکی مستقبل کیلئے سود مند رہیں گے ان کی اعلیٰ قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی تجربہ کار ٹیم ملکی حالات سد ھارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے پاانہوں نے کہا کہ ماضی قریب میںپیپلز پارٹی نے کرپشن کی تمام حدیں توڑتے ہوئے ملک کو ایسے بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے جنہیں ختم کیئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا کرپشن نے اس ملک کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں مگر اہل پاکستان کو مایوس نہیں ہونا چاہیے ملکی باگ دوڑ اب میاں محمد نواز شریف جیسے محب الوطن رہنما کے ہاتھوں میں ہے عوام کے دکھوں کا مداوا میاں محمد نواز شریف جیسا محب وطن رہنما ہی کر سکتا ہے میاں محمد نواز شریف نے موٹروے، ییلو کیب سے لے کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے تک بے شمار کارنامے سرانجام دئیے ہیں اسی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے بنگلہ دیشی صحافیوں کی ملاقات
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے بنگلہ دیش کے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے 9رکنی وفد نے آج یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے سیاسی نظام، انتخابی عمل، پولیٹیکل پارٹی سسٹم اور باہمی تعلقات پر بات چیتہوئی۔نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے بنگلہ دیش کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عصر حاضر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کرگیاہے۔میڈیا کے موثر اور متحرک کردار کی بدولت دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ میڈیا کرپشن کو بے نقاب کرنے اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حالیہ انتخابات میں پاکستانی میڈیا نے موثر کردار ادا کیا اور انتخابی عمل میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست گورننس کا نام ہے،اچھی انتظامیہ فراہم کرنے والی سیاسی جماعتوں کو عوام یاد رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابی عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے غیرجانبدار نگران حکومت قائم ہوئی۔ مجھے نگران وزیراعلیٰ کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی نے نامزد کیا اور اپوزیشن نے اس پر مکمل اتفاق کیا۔نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے میرا تجربہ شاندار رہا ہے۔انہوںنے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے سیاسی اور معاشی تعلقات کوبہتر بنانا بھی ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ تاجروں، صحافیوں، طلبا و طالبات اور دیگر شعبہ سے وابستہ وفود کے باہمی تبادلے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بناسکتے ہیں۔بنگلہ دیش کے صحافیوں کے وفد کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے ترقی پذیر ممالک میں پرامن، شفاف انتخابات کاانعقاد اور پرامن انتقال اقتدار بہت ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا مرحلہ کامیابی سے طے کیاہے اور اب انتقال اقتدار کے مرحلہ سے گزر رہا ہے۔انہوں نے بنگلہ دیش کے سیاسی نظام اور وہاں کی سیاسی پارٹیوں پر بھی کھل کر بات کی۔نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں ڈیلی انڈی پینڈنٹ کے سب ایڈیٹر ابو مجید مسانی (Abu Md. Masani)، اے ٹی این بنگلہ کے خصوصی نمائندے محفوظ الرحمن مشو (Mahfuzur Rahman Mishu)، ڈیلی امردیش کے سینئر رپورٹر محمد الیاس حسین ،دی نیوز ٹوڈے کے سٹی ایڈیٹر بادیل عالم (Badiul Alam) اور دیگر شامل تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی بڑا سانحہ ہے، ذمہ داروں کو معاف نہیں کیاجائے گا،نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہاہے کہ ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔ واقعہ کی محکمانہ انکوائری رپورٹ کے نتیجے میں کچھ حقائق سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم بھی واقعہ کے تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ،اگر واقعہ میں کسی کی غفلت سامنے آئی تو ہرگز معاف نہیں کیاجائے گا۔ کوئی بھی ذمہ دارسزا سے بچ نہیں پائے گا۔غمزدہ خاندانوں کی مدد انسانی فریضہ ہے ۔ پنجاب حکومت متاثرین کی ہرممکن مدد جاری رکھے گی۔ واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ ،سیکرٹری ہائوسنگ ، ڈی جی ایل ڈی اے، کمشنر و ڈی سی او لاہوراورجاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں 5 , 5 لاکھ اور زخمیوں میں 1,1لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے۔نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ایل ڈی اے پلازہ آتشزدگی کے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ ایل ڈی اے پلازہ نے پوری قوم کو غمزدہ کیا۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ کاش ایسے حادثات نہ ہوں اور ہم عوام کو ایسے سانحات سے محفوظ رکھ سکیں۔ انہوںنے کہاکہ واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات رونما نہ ہوں۔انہوںنے کہاکہ ایل ڈی اے پلازہ آتشزدگی بہت بڑا نقصان ہے۔ متاثرین کی امداد کے لئے جو کچھ کرسکتے تھے ہم نے کیا اور متاثرین کی آئندہ بھی ہرممکن مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والوںکے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن سے رابطہ کیاجائے اور اس ادارے کے تعاون سے ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کا جائزہ لیاجائے۔انہوںنے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ ہمت و حوصلہ سے برداشت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔ انہوںنے کہاکہ سانحہ کے متاثرین یقینا بہت کرب سے گزر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں مشکل سے نکالے گا ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں مشکل کی گھڑی میں مصیبت زدہ بھائیوں کو ہرگز نہیں بھلانہ چاہئیے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ان کی ہر ممکن مدد کرنی چاہئیے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے متاثرین کی ہرممکن مدد کی ہے اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے دروازے ان کے لئے آئندہ بھی کھلے ہیں۔ انہیں جس قسم کی مدد درکار ہو، وہ رابطہ کرسکتے ہیں۔ڈائریکٹرجنرل ایل ڈی اے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایل ڈی اے پلازہ میں ہونے والی آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مدد کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی مالیت سے ٹرسٹ قائم کردیاگیاہے۔ ٹرسٹ کی آمدن سے متاثرین کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔ انہوںنے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے افراد بھی ٹرسٹ کے ممبر بن سکتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور نے کہا کہ ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کا بہت بڑا سانحہ ہوا ہے جس نے پوری قوم کو رنجیدہ کیا۔تقریب میں مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوجوان قیادت کا نعرہ لگانے والوں کی صفوں میں قاتل گھس گئے ہیں :شوکت عزیز بھٹی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ نوجوان قیادت کا نعرہ لگانے والوں کی صفوں میں قاتل گھس گئے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو قاتلوں ہائی جیک کر لیا ہے جس کا ثبوت الیکشن کے دوران دولتالہ میں ہونے والا واقعہ ہے مسلم لیگ ن کے ورکروں کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے ہیںلیکن دولتالہ کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا مسلم لیگ ن کی حکومت دولتالہ کے لوگوں کو انصاف دلائے گی مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں حکومت پٹواری اور تھانہ کلچر کو تبدیل کرے گی۔ انہوں نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور مسلم لیگ (ن) سے عوام کی محبت کا نتیجہ ہے ہم پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے، عام آدمی کو انصاف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران میں پنجاب حکومت کا کوئی قصور نہیں تھا لیکن مرکزی حکومت نے پنجاب حکومت کے خلاف محاذ بنا رکھا تھا، انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال میں قومی خزانے کو جن لوگوں نے بے دردی سے لوٹا انہیں قوم نے الیکشن میں سزا دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کو اگلے پانچ سال کے دوران ایک مثالی صوبہ بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کارکن پارٹی کے زوال ،انتخابات میں شکست کا سبب بننے والوں کو کسی صورت دوبارہ مسلط نہیں ہونے دینگے: سردار حر بخاری
لاہور( جی پی آئی )” بھٹو شہید بینظیر ورکرز موومنٹ ” پنجاب کے کوار ڈی نیٹر سردار حر بخاری نے کہا ہے کہ کارکن پارٹی کے زوال اور انتخابات میں شکست کا سبب بننے والوں کو کسی صورت دوبارہ اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دینگے’ وقت کم ہے بلاول بھٹو فیصلہ کریں انہوں نے اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لیکر چلنا ہے یا پھر پارٹی کو تباہی سے دوچار کرنے والی پالیسیوں کو آنکھیں بند کر کے تسلیم کرنا ہے ۔ وہ گزشتہ روز پنجاب بھر سے ملاقات کیلئے آنے والے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس دوران پارٹی کی شہید چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی 21 جون کو سالگرہ کے سلسلہ میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس میں محترمہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی بھی کی جائے گی ۔سردارحر بخاری نے کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کے جیالے سر پرکفن باندھ کر گھروں سے نکل پڑیں ۔ 21جون کو عوام کی پیپلز پارٹی کی از سر نو بحالی اور اسے اپنے پائوں پرکھڑا کرنے کی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ابھی بھی گھروں میں خاموش بیٹھے رہے تو پیپلزپارٹی جو آج اندرون سنگھ تک محدود ہو گئی ہے اسکا کوئی نام لینے والا بھی نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کے زوال اور انتخابات میں شکست کا سبب بننے والوں کو کسی صورت دوبارہ اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے ۔ ہم بلاول بھٹو سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اب وقت بہت کم وہ فیصلہ کریں کہ انہوں نے اپنے نانا اور والدہ کی سیاسی میراث کو لیکر چلنا ہے یا اسکی تباہی و بربادی کی پالیسیوں پر آنکھیں بند کر انہیں تسلیم کرنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ قائداعظم پنجاب اسمبلی میں مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے مسلم لیگ قائداعظم کی جانب سے مونس الہٰی کو پارلیمانی لیڈر مقرر ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ قائداعظم مونس الہٰی کی قیادت میں پنجاب اسمبلی میں مثبت اور تعمیری اپوزیشن کاکردار ادا کرے گی ۔انہوں نے پنجاب اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کیلئے مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات میں حصہ لینے کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن پنجاب میں کسی بھی جگہ میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ میاں کامران سیف نے تحریک انصاف کے سپیکر کے امیدوار کی نسبت مسلم لیگ قائداعظم کے امیدوار سردار حسن اختر موکل کو 4 ووٹ زائد ملنے پر حکمران پارٹی کے اراکین کا شکریہ اداکیا اور ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکمران پارٹی کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کے انتخابات میں مشترکہ اپوزیشن کو حکمران پارٹی کے 4 ووٹ حاصل کرنے کی وجہ سے وزیراعلیٰ کا انتخاب اب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوئے اور مرکز سمیت پنجاب میں ن لیگ کو اکثریت حاصل ہوئی ہے اس لیے ن لیگ اب وزیراعلیٰ کا انتخاب بھی خفیہ رائے شماری سے کروا کر اپنے اراکین اسمبلی پر اعتماد کا اظہار کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام سے سود وصول کرنے کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے :ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
لاہور(جی پی آئی)ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ سراسر غیر قانونی ہے ۔ یہ عرصہ سے وصول کیا جارہاہے ۔ اسی طرح یہ د ر اصل سود کی رقم ہے جو مکمل طور پر غیر شرعی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مساجد ، مدارس اور عبادتگاہوں سے بھی یہ سود کی رقم وصو ل کی جارہی ہے ۔آئی پی پیز نے اپنے تھرمل بجلی گھروں کی صلاحیت کا صرف چالیس فیصد استعمال کیاہے لیکن 100 فیصد صلاحیت کی رقم عوام سے وصول کی جارہی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ وہ فرنس آئل خریدا ہی نہیں گیا جس کے فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایک مافیا نے ملک کی معیشت پر قبضہ کر رکھاہے اور ان کے سامنے سوائے لوٹ کھسوٹ کے کوئی مقصد زندگی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام سے سود وصول کرنے کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امن اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک ڈرون حملوں پر خاموش کیوںہیں؟:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب و نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری ضرغام رضا اور ان کے ڈرائیور پر ہندو انتہا پسندوں کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔بھارتی حکومت پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں مالی گھپلوں اور بدعنوانیوں کی وجہ سے سرکاری اداروں کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔پی آئی اے 144 ارب،پاکستان ریلوے 80 ارب اورپاکستان اسٹیل مل 55 ارب کے خسارے میں ہیں 500 ارب ڈالر بیرونی ممالک خفیہ کھاتوں میں پڑے ہیں۔قومی خزانے سے ہر سال 12 ارب ڈالر کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔ملک اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں کردیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی بھرتیوں سے اجتناب کرتے ہوئے میرٹ پر افراد کو تعینات کرے اور افسران کی شاہ خرچیوں کو روکے۔توقیر صادق کو پاکستان لایا جائے اور اربوں روپے کے ”کرپشن سکینڈل”میں ملوث دوسرے چہروں کو بھی بے نقاب ہونا چاہئے۔لاپتہ افراد کا معاملہ دن بدن تشویشناک ہورہاہے۔خفیہ ادارے آئین و قانون کی بالادستی کو تسلیم کرتے ہوئے تمام حراست میں لیے گئے افراد کو عدالتوں میں پیش کریں۔اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اس کے خلاف عدالت کاروائی کرے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ جس میں ملک و قوم کو بھاری نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ 18 جون 2004 میں جاری ہونے والے ڈرون حملے ہنوز جاری ہیں۔400سے زائد حملوں میں 5ہزار بے گناہ افراد ،معصوم بچوںاور خواتین کو جاں بحق کر دیا گیا۔ عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔امن اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک اور این جی اوز کو یہ ہلاکتیں نظر کیوں نہیں آتیں؟۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کو کرپشن فری صوبہ بنانے کیلئے دانشوروں’ صحافیوں’ سے مشاورت کے بعد موثر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے:شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی) نامزد وزیر اعلیٰ و خادم پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے دانشوروں’ صحافیوں’ اساتذہ اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے سے مشاورت کر کے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ آج یہاں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے اینٹی کرپشن کے موجودہ قوانین میں ترمیم کے علاوہ خطے کے دوسرے ممالک میں بدعنوانی کے خلاف کئے جانے والے اقدامات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کرپشن معاشرے کے لئے ناسور کی حیثیت رکھتی ہے جس کا قلع قمع جنگی بنیادوں پر ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی خلاف ورزی اور عوام کے کاموں میں سست روی کرپشن کے دو بڑے عوامل ہیں۔ چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میرٹ کی عملداری کو یقینی بنانے اور سرکاری محکموں خصوصاً محکمہ مال’ پولیس اور ایکسائز میں عوام کے انفرادی کاموں میں تاخیر کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کی کڑی گرفت کی جائے گی۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ گذشتہ 5 برسوں کے دوران پنجاب وہ واحد صوبہ تھا جس میں اوپر کی سطح پر بدعنوانی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ اب ہم نے اسی جذبے کے تحت سرکاری دفاتر میں نچلی سطح تک بدعنوانی اور رشوت کے خاتمے کا تہیہ کر لیا ہیے۔ جب ہم نے پنجاب میں حکومت سنبھالی تو ٹرانسپئرنسی انٹرنیشنل کے مطابق کرپشن کے حوالے سے پنجاب پہلے نمبر پر تھا لیکن 2010ء میں اسی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی حکومت’ وفاقی حکومت اور دوسرے تمام صوبوں کی حکومتوں کے مقابلے میں شفاف ترین حکومت تھی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں وزارت اعلیٰ سے رضاکارانہ دستبردار ہو کر مسلم لیگ (ن) نے جمہوریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف حقیقی معنوں میںقومی رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ڈکٹیٹر نے اکبر بگٹی جیسے سیاستدان کو قتل کر کے بلوچستان کے عوام اور وفاق میں دوریاں پیدا کیں جبکہ نوازشریف نے بلوچستان میں حکومت ایک دوسری پارٹی کے حوالے کر کے ایثار و قربانی سے کام لیتے ہوئے اپنے عمل سے ثابت کر دیا کہ پاکستان ان کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پیشتر پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے لئے اپنے حصے کے 11ارب روپے کی خطیر رقم سے دستبردار ہو کر ایثار و قربانی کی ایک اور مثال قائم کر چکی ہے۔ اگر گذشتہ 10 برس کے دوران بلوچستان کو ملنے والے وسائل کا ایک چوتھائی حصہ بھی صوبے کی ترقی پر صرف ہو جاتا تو آج وہاں کے دیہات اور شہروں کی یہ حالت نہ ہوتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کی کامیابی اور پرامن انتقال اقتدار میں دوسرے اداروں کے علاوہ عدلیہ کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ خادم پنجاب نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ کے طور پر کبھی گارڈ آف آنر نہیں لیا اور اگر کسی اور صوبے کا وزیراعلیٰ میری قائم کی ہوئی اس روایت کی پیروی کرتا ہے تو یہ میرے لئے انتہائی مسرت کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک گارڈ آف آنر کے اصل حقدار اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباو طالبات’ فوج اور پولیس کے شہداء کے ورثاء ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی وسیع تر مفاد کی خاطر شہید بی بی کی مفاہمتی پالیسی پر عمل کرتی رہے گی:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وسیع تر مفاد کی خاطر شہید بی بی کی مفاہمتی پالیسی پر عمل کرتی رہے گی پیپلز پارٹی موجودہ قیادت بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جمہوریت ہی ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چاہیے کہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے جن میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور ڈرائون حملے روکنا شامل ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کئے ۔ اب ن لیگ کی حکومت وجود میں آ گئی ہے ان کو چاہیے کہ وہ ڈرون حملے روکنے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کے وعدے پورے کریں اور ہم بھی ان کو تمام وعدے یاد کرواتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک ایران گیس پائپ لائن پیپلز پارٹی کا عوام کے لئے ایک تحفہ ہے:قاضی احمد سعید
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی قاضی احمد سعید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پیپلز پارٹی کا عوام کے لئے ایک تحفہ ہے، پیپلز پارٹی نے ہی عوام کو تحفے دئیے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات پیدا کئے ہیں اور خطے میں دوستانہ تعلقات کو فروغ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہا کہ نو منتخب حکومت کو چاہیے کے وہ ان معاہدوں کو تقویت دے تاکہ ملک میں جاری بجلی بحران جیسے سنگین مسئلے حل ہو سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہتی تو قوم کو آج بحرانوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہتی تو قوم کو آج بحرانوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے انتہائی قابل اور محنتی لوگوں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں عہدے دئیے ہیں جن کے ماضی سے پوری قوم آگاہ ہے۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد سمیت پارٹی کا مشترکہ انتخاب ہیں انہوں نے کہاکہ ہم نے علاقائی جھگڑوں میں نہیں پڑنا’ ہم نے پاکستان کو بحران سے نکالنے کی کوشش کرنی ہے۔ میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے، موٹروے بنائی، بھاشا ڈیم کا آغاز کیا اور نیلم جہلم پراجیکٹ کی ابتدا کی، اب بھی ملکی مفادات میں بہترین اقدامات کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں 84 فیصد ارکان کی حمایت حاصل ہے جو اس لحاظ سے پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی یہ عظیم کامیابی دوتہائی اکثریت سے کہیں بڑھ کر تین چوتھائی اکثریت سے بھی آگے نکل گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پنجاب میں تھانہ کلچر بدل کر رہے گی اور عام آدمی کو تھانے اور کچہری میں خدا خوفی کے جذبے سے انصاف دلائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یونین آف جرنلسٹ کی طرف سے مرحوم سینئر فوٹو گرافر عثمان انجم کی بیوہ کو تین لاکھ روپے کا انشورنش چیک دے دیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)یونین آف جرنلسٹ کی طرف سے مرحوم سینئر فوٹو گرافر عثمان انجم کی بیوہ کو تین لاکھ روپے کا انشورنش چیک دے دیا گیا ہے اس موقع پر صدر یونین آف جرنلسٹ راجہ حبیب ، جنرل سیکرٹری راشد کھوکھر ، فنانس سیکرٹری عادل اکر م ، ایگزیکٹو ممبر ملک تنویر کشمیری، صدر فوٹو گرافر ایسوسی ایشن ساجد بزمی ، فنانس سیکرٹری متین بزمی کے علاوہ وائس پریذیڈنٹ شیخ محمد علی فیڈ ریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور برانچ منیجر ای ایف یو لائف انشورنس نصیر انجم بھی موجود تھے گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹ کی طرف سے اپنے ممبران کی کروائی گئی انشورنس پالیسی کے عوض تین لاکھ روپے کا چیک مرحوم کی بیوہ کو دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خرم دستگیر خان نے گوجرانوالہ کو فلائی اوور کا تحفہ دے کر شہریوںکے خواب پورے کر دیئے:محمد ارشاد پپو
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر کارکن محمد ارشاد پپو نے کہا ہے کہ خرم دستگیر خان نے گوجرانوالہ کو فلائی اوور کا تحفہ دے کر شہریوںکے خواب پورے کر دیئے،مخالفین کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود گوجرانوالہ کے سپوت نے استقامت اور ثابت قدمی دکھا کر عوامی فلاحی منصوبے کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ خرم دستگیر خان گوجرانوالہ کے لئے ایک انمول ہیرے کی طرح ہیں جنہوںنے شبانہ روز محنت ،دیانت داری اور خلوص نیت سے گوجرانوالہ کی کایا پلٹ کر رکھ دی ہے،ملکی مسائل کے حل کے لئے ان جیسے انتھک اور قابل رہنما کی خدمات سے استفادہ ضروری ہے، گوجرانوالہ کے عوام کا پر زور مطالبہ ہے کہ انہیں وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے،اس موقع پر افضل لون،آصف بشیر ڈار،حاجی عرفان،حاجی شمشاد ،عبدالغفور گجر نمبردار اور حاجی احسان اللہ دتہ بٹ بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک دشمن عناصرکوپاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے:رانا شہزاد حفیظ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ہنگومیں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کاقتل خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت کی توجہ مسائل کے حل کی بجائے دوسری جانب مرکوزکراناہے،ملک دشمن عناصرکوپاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت ہضم نہیں ہورہی ہے۔ان خیالات کااظہارپاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق امیدوار حلقہ این اے 98 رانا شہزاد حفیظ نے رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی فریدخان اورانکے دوست کے قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ جب سے پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں ہونے والے الیکشن میں بھاری تعدادمیں ووٹ حاصل کیے ہیں مخالفین کی نیندیں اڑچکی ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو مخصوص مقاصد کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔