لاہور (جیوڈیسک) لاہور نامزد وزیر اعلی شہباز شریف نے بجلی کے بحران کو بڑا چیلنج قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ گڈ گورننس ، عدل و انصاف کی فراہمی ، پسماندہ علاقوں کی ترقی اور امن وامان کا قیام یقینی بنائیں گے۔ میاں شہباز شریف کا روزنامہ دنیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی ، نوجوانوں کیلئے روزگار ، تعلیم اورصحت کی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومتیں جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہونا ہو گا ورنہ وہ اپنے لئے دوسرے روزگار کا بندوبست کریں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں ، اصل کمی ویژن کی ہے۔ وہ معیشت کی صحیح سمت متعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں ان کی ترجیح پسماندہ علاقے ہونگے اور وہ دیہات میں سبز انقلاب لائیں گے۔