کراچی (جیوڈیسک) کراچی ٹاور کے قریب 20 سے زائد موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ بہادر آباد میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوئے، مرنے والے افراد شو رومز مالکان تھے۔
پولیس کے مطابق ٹاور بس اسٹاپ پر موٹر سائیکلوں پر سوار 20 سے زائد ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور رکشہ ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایدھی ایمبولینس پر بھی گولیاں لگیں،تاہم ڈرائیور محفوظ رہا۔فائرنگ سے جاں بحق شخص کی فی الحال شناخت نہیں ہو سکی ہے، جبکہ زخمیوں کو عمران اور محمود کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ سے 50 سے زائد گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے میں اور تھانہ فیروز آباد کی حدود میں واقع ہوٹل پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
جن میں سے 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے،جن کی شناخت 50 سالہ عبدالرحمان اور 35 سالہ شیخ منیر کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مرنے والے افراد شو رومز مالکان تھے،جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے، لیکن ابھی تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔