کراچی : شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کرنے والا رینجرز اہلکار پولیس کے حوالے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں شہری کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے رینجرز اہلکار کو رینجرز نے پولیس کے حوالے کر دیا۔ رینجرز اہلکار کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق کراچی میں شاہ فیصل کالونی میں فائر اسٹیشن کے قریب شہری کو گاڑی رکنے کا اشارہ کرنے اور اس کے نہ رکنے پر فائرنگ کرنے والے رینجرز اہلکار کو ڈی جی رینجرز کے نوٹس کے بعد حراست میں لے لیا گیا تھا۔

جسے رات گئے پولیس کے حوالے کردیا گیا، کیونکہ رینجرز اہلکار کے خلاف مدعیوں کی جانب سے قتل کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا، پولیس کے مطابق رینجرز اہلکار کا نام شہزاد اور اس کا تعلق تعلق بھٹائی رینجرز کی 43 ونگ سے ہے۔

جسے شاہ فیصل کالونی تھانے کی پولیس کے حوالے کیا گیا ، منگل کے روز شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں رینجرز کی فائرنگ سے 25 سالہ غلا م حیدر جاں بحق اور کار میں موجود اس کا ساتھی زخمی ہو گیا تھا، رینجرز اہلکار کو آج عدالت میں بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے۔