اسلام آباد (جیوڈیسک) ناصر محمود کھوسہ کو وزیراعظم نواز شریف کا سیکرٹری تعینات کر دیا گیا، سینئر افسر فواد احمد فواد وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری ہوں گے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کے مطابق ناصر محمود کھوسہ نے وزیراعظم کے سیکرٹری کا چارج سنبھال لیا ہے۔
گریڈ 22 کے افسر ناصر محمود کھوسہ چیف سیکرٹری پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔ سینئر افسر فواد احمد فواد کو ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ لگا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری صدیق اکبر کے رخصت پر جانے کے بعد عہدہ خالی تھا۔ نئی حکومت نے پرنسپل سیکرٹری کا عہدہ ختم کر دیا ہے۔