وزارت ٹیکسٹائل کے حکام کے مطابق بی ٹی بیجوں کے استعمال سے صوبہ سندھ میں روئی کی پیداوار میں 27 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ بی ٹی بیجوں کے استعمال سے روئی کے معیار میں بھی نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ محکمہ زراعت کے اعدا دو شمار کے مطابق سال 2012 کے دوران صوبہ میں 155 کلوگرام وزن کی 2.68 ملین بیلز کی پیداوار حاصل ہوئی تھی جبکہ رواں سال صوبہ میں روئی کی پیداوار میں 7 لاکھ 25 ہزار 468 بیلز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت کاشت کار اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے بی ٹی بیجوں کا استعمال کر رہے ہے۔ جس سے فی ایکڑ پیداوار کو 100 من تک بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ روایتی بیجوں سے 30 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق بی ٹی بیجوں کے استعمال سے فصل پر بیماریوں کے حملے بھی کم ہوتے ہیں اور ان کیلئے کم پانی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔