ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

Power Shortfall

Power Shortfall

ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ ملک میں جاری اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عوام کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ گرمی میں اضافے کے باعث بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق ملک میں چھ ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال برقرار ہے۔

اس وقت مجموعی پیداوار گیارہ ہزار جبکہ طلب سترہ ہزار میگاواٹ ہے۔ طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ بڑے شہروں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور کمپنیوں کو تیل کی بروقت فراہمی نہ ہونے سے 1000 سے 1500 میگاواٹ کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں لوڈ بڑھنے سے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے۔ جس سے شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شارٹ فال بڑھنے سے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

کراچی کیمختلف علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے کے باعث یو پی موڑ اور نیو کراچی میں مشتعل عوام نے ٹائر جلا کرسٹرکیں ٹریفک کیلئے بند کردیں ۔ جمشید روڈ، مارٹن کوارٹرزکے علاقے میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ حیدرآباد میں لطیف آباد اور ایوب کالونی میں بھی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی۔