سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ ن نے پلان تیار کر لیا ہے

لاہور : سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگ ن نے پلان تیار کر لیا ہے، مسلم لیگ ن جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت کے روشن راستے پر چلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، قوم نے سازشوں کے باوجود جمہوریت کا روشن باب رقم کیا۔

پاکستان کیلئے جمہوریت لازم و ملزوم ہے جب بھی جمہوریت سے منہ موڑا گیا کانٹوں کی فصل پروان چڑھی جب بھی ملک میں آمریت آئی تو جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا اور ملک کی اکائیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ملک میں اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کا وقت آگیا ہے۔

معیشت کی حالت نہ قابل بیاں حد تک خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے زراعت، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے تبدیلی کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے پاکستان کو جن گھمبیر مسائل کا سامنا ہے اس پر سب کو اکٹھا ہونا ہو گا تمام فریقین کو اکٹھے ہو کر ملکی مسائل کا مقابلہ کرنا چاہیے، موجودہ حالات میں کوئی اکیلی جماعت ان مسائل کو حل نہیں کر سکتی۔