اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے ملک کی خارجہ پالیسی کی سمت اور ترجیحات واضح کر دی ہیں۔ بیرون ملک سفرا پاکستان کا چہرہ ہیں۔ دنیا میں پاکستان کو نمایاں مقام دلوانے کے لیے قائد اعظم کا وژن سامنے رکھیں۔
وزیراعظم میاں نواز شریف نے خارجہ پالیسی پر پاکستانی سفارتخانوں کیلیے جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے ملک کی خارجہ پالیسی کی سمت اور ترجیحات واضح کر دی ہیں۔ بیرون ملک سفرا کو بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا میں نمایاں مقام دلوانے کیلیے قائد اعظم کا وژن اور عوامی رائے سامنے رکھی جائے۔
وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک پاکستانی سفیروں پاکستان کا چہرہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ہر صورت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی قومی مفادات سے مطابقت ہونی چاہیے وزیراعظم نے سفارتخانوں کو معاشی خوشحالی کے لیے بہتر سفارتکاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت، بیرونی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کیلئے دنیا سے بات کی جائے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان بیرونی دنیا سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے ملکی مفادات کا خیال رکھیں۔