پشاور ، فائرنگ سے زخمی ہونیوالی پولیو رضا کار سنبل دم توڑ گئی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں 28 مئی کو سیفن چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی پولیو رضا کار سنبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر سیفن چوک میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس میں شرافت نامی پولیو رضا کار موقع پر جاں بحق جبکہ سنبل شدید زخمی ہو گئی تھی۔

سنبل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سنبل کو گردن اور پشت پر دو گولیاں لگی تھیں۔

دوسری جانب گیارہ دن گزر جانے کے باوجود پولیس ابھی تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ، اسسٹنٹ کمشنر پشاور کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی انکوائری کمیٹی نے بھی واقعے کا ذمہ دار پولیس کو قرار دیا تھا جنہوں نے دونوں خواتین کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی تھی۔