مسلم حکمرانوں کی خاموشی باعث تشویش ہے، او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے : مدثر احمد شاہ

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیراہتمام مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی صہیونی قبضہ کے 47 سال مکمل ہونے پر مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے یکجہتی فلسطین ریلی کا انعقاد مال روڈ پر کیا گیا جس میں طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور مدثر احمد شاہ نے کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مقبوضہ بیت المقدس پر صیہونی اسرائیلی قبضے کے 47 سال مکمل ہو گئے ان سینتالیس برسوں میں اسرائیل نے امریکہ کی مدد سے مظلوم فلسطینی عوام پر جو ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑے انکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عالمی مسئلے پر اقوام متحد ہ سمیت عالمی اداروں اور خصوصا مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل تشویس ہے۔ ناظم لاہو نے مزید کہا کہ مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشاد کے مطابق ایک جسد واحد کی طرح ہیں جس کے کسی بھی حصہ میں تکلیف ہو تو سارا جسم درد کی شدت سے بے قرار ہو جاتا ہے۔

آج فلسطینی عوام پر جاری ظلم صرف فلسطینیوں پر ہی نہیں بلکہ عالم اسلام پر ہے۔ مدثر احمد شاہ نے نومنتخب وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے او آئی سی کا فوری اجلاس بلانے کامطالبہ کریں اور اگر اسرئیل فلسطینیوں پر ظلم بند نہیں کرتا تو عالمی برادری اسرائیل کا معاشرتی بائیکاٹ کرنے کااعلان کرے۔