خیبرپختونخوا (جیوڈیسک) اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایم پی اے فرید اللہ کے قاتلوں کا تعلق جس جماعت سے بھی ہوا انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ ہنگو ایمپی اے فرید اللہ خان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنگو کے عوام پرامن رہیں اور شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر اسد قیصر نے دونوں سینئر وزرا سراج الحق اور سکندر شیر پا کے ہمراہ ہنگو کے علما اور مشران سے بھی ملاقات کی اور انہیں فرید اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب ہنگو میں کرفیو ختم کر دیا گیا ہے تاہم بازار تاحال نہیں کھل سکے ہیں۔