کراچی : فائرنگ ، پرتشدد واقعات ، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے ، ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا،رینجرز کی لیاری میں کارروائی کے دوران فائرنگ سے ملزم ہلاک ہو گیا۔ شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے ، قصبہ کالونی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شیر محمد جاں بحق ہو گیا۔

شیر محمد اقبال مارکیٹ تھانے میں تعینات تھا اور مقتول پولیس اہلکار نے کچھ دن قبل کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ گڈاپ ٹان کے علاقے جمال گوٹھ سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جس کو اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

مچھر کالونی میں ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب رینجرز نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مقابلی میں ایک ملزم احسان فائرنگ سے ہلاک ہو گیا،رینجرز کی کارروائی کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔