کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے ، مرکزی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے اور تعاون کی امید بھی رکھتے ہیں۔ وزیر اعلی ہاوس کراچی میں رضا ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھاکہ ان کا مجرموں سے کوئی تعلق نہیں ، وہ لیاری پارٹی کے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کی دعوت پر گئے تھے ، اور انہیں جب بھی بلایا جائے گا تو وہ ضرور لیاری جائیں گے۔
اِس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ربانی نے پارٹی کا ایڈیشنل سیکریٹری جنرل مقرر کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کی تنظیم نو کرکے اس کو ایک بار پھر پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے،ہم پارٹی کے ناراض ساتھیوں کے پاس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جائے گا۔ شہر میں ڈھائی سو بسیں چلائی جائیں گی سرکلرر ریلوے کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا۔ رضا ربانی کا کہناتھاکہ اب کسی قومی اثاثے کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔
تونائی بحران کے حل کیلئے اہم پروجیکٹ شروع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں گوادر پرجیکٹ کے لئے حوصلہ افزا گفتگو کی لیکن پاکستان ایران گیس پائپ لائن کا کوئی ذکر نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت اپنا واضح موقف سامنے لائے۔