سپریم کورٹ میں آج بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق ازخود نوٹس، میگا پاور براجیکٹس میں تاخیر اور ایل پی جی کوٹہ سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالت عظمی کا تین رکنی بنچ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا جس میں بجلی پیدا کرنے والی کمپنیاں اور دیگر حکام توانائی کے بحران اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق نئی رپورٹ پیش کریں گے۔
یہی تین رکنی بنچ دو میگا پاور پراجیکٹس میں تاخیر سے متعلق مقدمے کی سماعت بھی کرے گا۔ ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے نندی پور اور چی چوں کی ملیاں پاور پراجیکٹس میں تاخیر کو عدالت عظمی میں چیلنج کر رکھا ہے۔
خواجہ آصف ہی کی درخواست پر ایل پی جی کوٹہ میں بے قاعدگیوں کی سماعت بھی آج ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نگران حکومت کے دور میں کی گئی تقرریوں اور تبادلوں کے مقدمے میں اپنا محفوظ فیصلہ بھی سنائے گا۔