ایچی سن کالج کے برطرف 60 سینئر اساتذہ سراپا احتجاج

Aitchison College

Aitchison College

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے ایچی سن کالج کے ساٹھ سے زائد سینئر اساتذہ کو بر طرف کر دیا گیا۔ اساتذہ پرنسپل کے غیر آئینی اقدام کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ لاہور پریس کلب میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں ایچی سن کالج کے ساٹھ سینئر اساتذہ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو برطرف کرنے کا اختیار صرف گورنر اور کالج کے بورڈ آف گورنرز کے پاس ہے مگر پرنسپل نے بغیر کسی شوکاز نوٹس کے غیر قانونی طور پر ساٹھ اساتذہ کو برطرف کیا ہے۔

سینئر اساتذہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کی تبدیلی اور کالج کے نئے بورڈ آف گورنرز کے قیام سے قبل ایک خاص گروہ اپنے من پسند افراد کی کالج میں تعیناتی چاہتا ہے تاکہ آگے آنے والے داخلوں میں دھاندلی کی جاسکے پریس کانفرنس کے بعد اساتذہ نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

جس میں وزیر اعظم نواز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری سے مطالبہ کیا گیا کہ کرپٹ پرنسپل کو برطرف کیا جائے اور اساتذہ کی برطرفی کے احکامات واپس لیے جائیں۔