امریکا (جیوڈیسک) امریکی ایجنسی کے راز افشا کرکے اوباما انتظامیہ کو مشکلات میں ڈالنے والے شخص نے اپنی شناخت ظاہر کر دی۔ یڈورڈ اسنوڈن نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سابق عہدے دار ہیں۔ صدر اوباما نے معاملے پر خاموشی اختیار کر لی۔ برطانوی اخبار گارڈین کو انٹرویو دیتے ہوئے ایڈورڈ اسنوڈن کا کہنا تھا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کانیٹ ورک دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے۔
جس کے ذریعے فون اور انٹرنیٹ پر ہر قسم کی مداخلت ممکن ہے۔ ایڈورڈ نے بتایا کہ این ایس اے مختلف ملکوں کی ویب سائٹس بھی ہیک کرنے کے علاوہ ای میل، پاس ورڈز اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی حاصل کرتی ہے۔ سابق امریکی عہدیدار کیمطابق وہ وہاں نہیں رہنا چاہتا جہاں نجی زندگی میں مداخلت کی جاتی ہو اور اسی بنا پر اس نے آئس لینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے۔
امریکا میں شہریوں کے انٹرنیٹ ڈیٹا اور فون کالز کا ریکارڈ کرنے کا اسکینڈل سامنے آنے پر اوباما انتظامیہ کو دنیا بھر میں تنقید اور سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہاں تک کہ صدر اوباما کو خطاب بھی کرنا پڑا جس میں انہوں نے امریکی شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کالز کا ریکارڈ ملکی سلامتی کے پیش نظر حاصل کیا جاتا ہے، تاہم اس سے ان کی نجی زندگی متاثر نہیں ہوتی۔