اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ملک میں اس سال مون سون میں زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے، جس سے بلوچستان اور سندھ میں خشک سالی کا خدشہ ہے۔جیو نیوز کو ایکس کلو سیولی (Exclusively) ملنے والی محکمہ موسمیات کی مون سون سیزن کی پیش گوئی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اس سال مون سون کے دوران زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے بلکہ درمیانہ درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
اس مرتبہ موسم سرما کی طوالت کی وجہ بالائی علاقوں میں معمول کے وقت کے مطابق گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل شروع نہ ہو سکا۔ فروری کے وسط میں شروع ہونیوالایہ سلسلہ مئی کے اواخر میں شرو ع ہوا۔ ماہرین کے مطابق جولائی اور اگست کے دوران بالائی گلیشائی علاقوں میں گرمی کی لہر سے گلیشئر کے پگھلنے میں تیزی آئے گی، جس کے نتیجہ میں دریاوں میں سیلابی کیفیت بنے گی۔
تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ سیلاب سے نقصانات کا اندیشہ نہیں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مزید بارشیں ہوں گی، لیکن سندھ اور بلوچستان میں کم بارش ہو گی جس سے خشک سالی کا خدشہ ہے۔