حکومت تباہ حال شعبوں کو بحال کرے، فریدہ راشد

Women Industry

Women Industry

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ نواز لیگ کے اقدامات اور پالیسی بیانات سے کاروباری برادری اور عوام کا مورال بلند ہو رہا ہے۔

پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے، مسائل بڑھ رہے ہیں اور وسائل کم ہو رہے ہیں جبکہ سابق حکومت نے توانائی، تعلیم، ٹیکس، امن وامان، خارجہ و داخلہ پالیسی اور صحت کے شعبوں کو نظر انداز کر کے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے جس سے قوم مایوس اور معیشت بے سمت ہو چکی ہے۔

توانائی بحران اورملک کو درپیش دیگر چیلنجز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فریدہ راشد نے کہا کہ داخلی صورتحال کے علاوہ عالمی جغرافیائی، سیاسی و اقتصادی صورتحال مایوس کن ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ نئی حکومت کو اقتدار نہیں بلکہ کانٹوں کی سیج ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں کرپشن پرکتاب لکھی جا سکتی ہے، جس نے گزشتہ پانچ سال میں جی ڈی پی کا دس فیصد ضائع کردیا ہے، یہ اب ملکی سلامتی کا مسئلہ بن چکا ہے جو حکومت کی بھرپور مداخلت کے بغیر حل نہیں ہو سکتا کیونکہ نجی شعبہ کے پاس اس کے وسائل نہیں۔