کراچی (جیوڈیسک) ملک میں معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث گزشتہ پانچ سال میں ملک کی معاشی ترقی کی شرح اوسطا 3 فی صد رہی۔ گزشتہ پانچ سال میں ملک کی معاشی صورت حال پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ مختلف مسائل کے باعث معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔مالی سال 2009 میں معاشی ترقی کی شرح 1.7 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی جبکہ موجودہ شرح 3.59 فیصد ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح میں 2 سے 3 فیصد کی کمی توانائی کے بدترین بحران کے باعث پیش آئی اور اقتصادی ترقی کا ہدف پورا کرنے میں کا میاب نہ ہو سکا۔
اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے جلد توانائی بحران پر قابو پایا جانا ضروری ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور کے مطابق حکومت صنعتوں کو مکمل طور پر بجلی فراہم کرے تاکہ برآمدات اور معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے ، جبکہ آئندہ پانچ سال کے دوران ترقی کی شرح 6 فیصد تک کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔