اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عوام کے سامنے بیان بازیاں اور امریکیوں کو ڈرون حملوں کی اجازت دینے کی پالیسی اب نہیں چلے گی ، امریکی حکومت کو بھی پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کرنا ہو گا۔
وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں پر پہلے بھی موثر احتجاج کیا ہے، ڈرون حملوں کا معاملہ بھرپور اندازمیں اٹھائیں گے، عوام کے سامنے بیان بازی اور ڈرون حملوں کی اجازت دینے کی پالیسی نہیں چلے گی۔ڈرون حملے؛تمام فریقین کو اعتماد میں لے کر موثر پالیسی وضع کی جائے۔
نواز شریف نے احتساب بل کے حوالے سے کہاکہ کرپشن کرنے والوں کا ہر صورت احتساب کرنا ہو گا، سیاسی انتقام سے بالاتر ہو کر نیا احتساب بل لایا جائے گا۔وزیر اعظم نے وفاقی وزراکو 15 دن میں وزارتوں کا ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایات کرتے ہو ئے کہا کہ وفاقی وزارتوں کے اخراجات 30 فیصد تک کم کیے جائیں۔
3 ماہ بعد وفاقی وزراکی کارکردگی کا خود جائزہ لوں گا،حکومت کو ہر صورت عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، کسی وزیر کو کوئی مسئلہ ہو تو براہ راست مجھ سے بات کرے۔